دسمبر 2, 2025
Delhi

محفوظ الرحمن یادگار لیکچر غالب اکیڈمی میں 29 نومبر کو

نئی دہلی۔ 28 نومبر 2025  (پریس ریلیز)
ممتاز صحافی محفوظ الرحمن صاحب بھارت میں چند گنے چنے ایمان دار اور قدآور صحافیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کا انتقال 6 فروری 2010 کو دہلی میں ہوا۔ قوم اور ملت کے تئیں ان کے افکار کی جھلک ان کے مضامین میں صاف نظر آتی تھی۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں کی سربراہی میں محفوظ الرحمن صاحب کے انتقال کے بعد ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں سال میں دو لیکچر کے اہتمام کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ مگر چند ناگزیر حالات کی بنا پر اب یہ سلسلہ سال میں ایک مرتبہ تک محدود ہو گیا ہے۔ اس سال ان کی یاد میں یہ 19واں محفوظ الرحمن یادگار لیکچر ہوگا۔
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی کارکردگی دور حاضر میں صفر ہوکر رہ گئی ہے۔ ایسے میں سیّد شہاب الدین صاحب کی یاد آنا فطری امر ہے کیونکہ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی ماضی میں تقسیم کے بعد بھی اتنی ناگفتہ بہ حالت نہ تھی اور ان کی صدارت میں مشاورت کا اثر مرکزی حکومت اور صوبائی حکومتوں پر یکساں نظر آتا تھا۔ چنانچہ ہم نے 19واں محفوظ الرحمن یادگار لیکچر کا عنوان ’’سیّدشہاب الدین کی قومی و ملّی خدمات‘‘ رکھا ہے۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا، نئی دہلی کے سینئر سب ایڈیٹر وفا اعظمی صاحب مذکورہ عنوان پر خاص لیکچر پیش کریں گے۔ جبکہ صدارت پروفیسر عبدالحق فرمائیں گے، مہمان خصوصی کے طور پر ہندی روزنامہ ’انقلاب بھارت‘ کے چیف ایڈیٹر فادر سولومن جارج ہوں گے اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب، ڈاکٹر ظفرالاسلام خاں، بزرگ صحافی جلال الدین اسلم اور معصوم مرادآبادی وغیرہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ یہ لیکچر غالب اکیڈمی، بستی حضرت نظام الدین، نئی دہلی میں 29 نومبر 2025(بروز ہفتہ) کو سہ پہر ڈھائی بجے (02:30 pm) منعقد ہوگا۔

Related posts

وزیر خارجہ جے شنکر ایسٹ ایشیا سمٹ میں وزیراعظم مودی کی نمائندگی کریں گے۔ وزارت خارجہ

www.journeynews.in

’یو ڈی او‘ کی مشترکہ میٹنگ میں راج بھاشا ہندی کے ساتھ دوسری راج بھاشا اردو اور دیگر علاقائی زبانوں کے فروغ کا مطالبہ

www.journeynews.in

بھارت مستقبل کا گروتھ انجن ہوگا۔  دھرمندر پردھان

www.journeynews.in