ناظمِ عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں تعزیتی وفد کی شوپور آمد
مرحومین کے گھروں میں ماتم، معصوم بچوں کی حالت دیکھ کر وفد اشکبار
نئی دہلی، یکم دسمبر 2025:دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے اجلاس سے واپسی پر جمعیۃ علماء شوپور کے چار ارکان ایک دل دہلادینے والے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ اجلاس میں مدھیہ پردیش کے مختلف اضلاع سے جمعیۃ کے ذمہ داران شریک تھے، جن میں شوپور سے تعلق رکھنے والے دو علمائے کرام سمیت چار افراد بھی شامل تھے۔واپسی کے دوران رسیا نامی مقام پر ان کی گاڑی سامنے سے آنے والی ایک تیز رفتار کار سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور شوپور کی فضا غم، صدمے اور خاموش ماتم میں ڈوب گئی۔
آج جمعیۃ علماء ہند کے ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی سربراہی میں ایک اہم وفد نے شوپور پہنچ کر مرحومین کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے تعزیت پیش کی، اور صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ وفد نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے اس موقع پر بتایا کہ پورا شوپور غم کی گہری فضا میں ڈوبا ہوا ہے۔ ہر گھر میں ماتم ہے اور بزرگوں، بچوں اور خواتین کی کیفیت نہایت رقت انگیز ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصاً مولانا انیس الرحمن مظاہری کے اہل خانہ اور ان کے پانچ کم سن بچوں کی حالت دیکھ کر دل بھر آیا۔ ان کے سب سےبڑے صاحبزادے واضح الرحمن (عمر 12 سال) کی معصومیت اور غمزدہ کیفیت دیکھ کر آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔شہید نوید کی عمر محض ۲۲ سال تھی ، اس کی شادی کی تیار ہورہی تھی ۔ ان کے اہل خانہ بھی نہایت غمگین ہیں ۔
انہوں نے تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان شہداء کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور لواحقین کو صبر جمیل اور اجر عظیم سے نوازے۔ واضح ہو کہ ان کی نماز جنازہ مولانا نعمان قاسمی (نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ راجستھان) نے پڑھائی۔
ناظم عمومی جمعیۃعلماء ہندکے ہمراہ وفد میں مولانا نعمان قاسمی (نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ راجستھان)، مولانا محبوب (صدر جمعیۃ علماء سوائی مادھوپور)، مولانا مامون الرشید (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء سوائی مادھوپور)، مولانا محمد جعفر (استاذ مدرسہ نورالعلوم کرمودہ)، مولانا صادق، مولانا انصار ندوی، حافظ انصار، مولانا فاروق قاسمی، مولانا ظہور احمد، قاری محمد عادل (صدر جمعیۃ علماء شوپور)، مولانا قمر الدین (نائب صدر)، حافظ مقصود (نائب صدر)، حافظ شہزاد (نائب صدر)، مفتی شاہ حسین (نائب صدر)، مفتی منتظر (جنرل سکریٹری)، مولانا جاوید علی (ترجمان)، مولانا اسلام، حافظ شہنواز، حافظ محمد صادق، اعجاز بھائی اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔
