نئی دہلی، 2 جون (خصوصی نمائندہ):
دارالحکومت دہلی کے نرائنا واقع فوجی سیوا وشراَم گِرہ میں دو روزہ قومی سابق فوجی اجتماع نہایت وقار، جذبۂ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے پیغام کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ نوچیتنا فاؤنڈیشن اور بھارت بھارتی سپاہی پروکوشٹھ کے اشتراک سے منعقدہ اس اجتماع میں ملک کے مختلف صوبوں سے آئے سابق فوجیوں، سماجی کارکنوں، دانشوروں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ اجتماع بھارت رتن سردارولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یومِ پیدائش اور سکھوں کے نویں گرو، شری گرو تیغ بہادر جی کے 350ویں یومِ شہادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی قومی تقریبات کی ایک اہم کڑی تھا، جسکا مقصد قومی یکجہتی، بھائی چارے اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کا آغاز روایتی طور پر شمع روشن کرنے اور ’’وندے ماترم‘‘ کی اجتماعی پیشکش سے ہوا۔ اس موقع پر مقررین نے ملک کی جغرافیائی، ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع کو ہندوستان کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے اتحاد و یگانگت کو وقت کی سب سے بڑی ضرورت بتایا۔
مرکزی مہمان دہلی میٹرو کے چیف انجینئر سدرشن کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے ہندوستان کے مختلف خطوں کو ایک مضبوط رشتے میں پروکر قومی یکجہتی کی جومثال قائم کی، وہ آج بھی نئی نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے گرو تیغ بہادر جی کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی آزادی، انسانی اقدار اور قومی سالمیت کے تحفظ کیلئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق فوجی میجر سنجے مہروترا نے کہا کہ ہندوستانی فوج ملکی خود مختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار رہتی ہے۔ انہوں نے فوجیوں کی بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپاہی ہمیشہ قوم کے مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتا ہے۔
بھارت بھارتی کے قومی سیکریٹری رودر نارائن تیواری نے فوجی نظم وضبط، ایثار اور حب الوطنی کومعاشرے کیلئے ایک مثالی نمونہ قراردیا، جبکہ شمالی زون کے انچارج محمدعرفان احمد نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں ہندوستان امن، رواداری اور بقائے باہمی کا مضبوط پیغام دنیا تک پہنچا سکتا ہے۔ بتادیں کہ اجتماع میں متعدد سابق فوجیوں، سماجی شخصیات اور نوجوانوں نے شرکت کی، جبکہ سابق فوجیوں کے بچوں نے حب الوطنی سے سرشار رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کرکے حاضرین کے دل جیت لیے۔ 2روزہ قومی سابق فوجی اجتماع کا اختتام قومی ترانے اور ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ کے فلک شگاف نعروں کیساتھ ہوا، جہاں شرکاء نے قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کا عہد کیا۔
