23.1 C
Delhi
مارچ 3, 2026
Delhi

مشرقِ وسطیٰ کی دھماکہ خیز صورت حال عالمی امن کے لیے شدید خطرہ

اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتیں جنگ بندی میں فعال کردار کریں: صدر جمعیۃ مولانا محمود اسعد مدنی

نئی دہلی، 2 مارچ 2026: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے مشرقِ وسطیٰ کی انتہائی دھماکہ خیز اور تشویش ناک صورتِ حال پر گہری فکر و اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات نے نہ صرف خطے کے امن کو تہہ و بالا کر دیا ہے بلکہ عالمی استحکام کو بھی سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
مولانا مدنی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ و رفقا کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کی قیادت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی اصولوں اور معاہدوں کے خلاف ہے اور دنیا کو دورِ بربریت کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایران کے عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔
 ساتھ ہی مولانا مدنی نے ایران کی جانب سے خطے کے دیگر ممالک میں ہونے والی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال فوری طور پر امن کے قیام اور اتحاد و ہم آہنگی کی متقاضی ہے۔مولانا مدنی نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی یا عالمی تنازع کا حل قتل و خونریزی نہیں ہو سکتا اور طاقت کے زور پر اپنی بات منانے کی کوششیں نفرت ، انتقام اور انسانی المیوں کو جنم دیتی ہیں ۔مولانا مدنی نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری جنگ بندی، کشیدگی کے خاتمے اور بامعنی سفارتی مذاکرات کے لیے فعال اور مؤثر کردار ادا کریں تاکہ خطہ مزید تباہی سے محفوظ رہ سکے۔ اگر عالمی طاقتوں نے فوری طور پر دانشمندی، انصاف اور سفارتی تدبر کا مظاہرہ نہ کیا تو اس کے منفی اثرات کسی خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہر اس قدم کی مخالفت کرتی ہے جو دنیا کو انسانیت کش جنگ و بدامنی کی طرف دھکیلتا ہو۔ اس لیے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا پرامن حل تلاش کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related posts

جمعیۃ علماء کے زیرِ اہتمام قومی یک جہتی و سدبھاؤنا پروگرام منعقد

www.journeynews.in

ہیرا گروپ جائیداد ملکیت پر کسی دوسرے کا سوال ہی نہیں: سپریم کورٹ

www.journeynews.in

ملک میں کاروباری ماحولیاتی نظام کی ترقی قابل تعریف  ہے  ۔ پیوش گوئل

www.journeynews.in