ستمبر 18, 2026
Delhi

جامع مسجد کے قریب جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے تنظیمی دفتر کا افتتاح

نئی دہلی ۱۷ ستمبر ۲۰۲۶ جامع مسجد پرانی دہلی کے قریب جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے ناظم تنظیم مولانا حافظ یوسف الاعظمی کے دفتر کا افتتاح ایک پروقار تقریب میں عمل میں آیا۔ جس کی سرپرستی ناظم عمومی جمعیۃعلماء ہند مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے فرمائی ۔ تقریب کی صدارت نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ دہلی مولانا قاری عارف قاسمی نے فرمائی۔ نظامت کے فرائض مولانا قاری احرار الحق جوہر قاسمی نے انجام دیے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ برصغیر میں دینی بیداری، آزادیِ وطن اور ملی خدمت کی تاریخ میں حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ اور ان کے خاندان کی خدمات نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔ حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے اپنے والد حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کے بعد کم عمری میں ان کے علمی و دینی مشن کو آگے بڑھایا۔ ان کے علمی فیضان اور جدوجہد سے ایک پوری نسل نے استفادہ کیا اور بعد کے اکابرِ امت نے اسی روایت کو آگے بڑھایا۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ حضرت شاہ عبدالعزیزؒ کی علمی عظمت، دینی بصیرت اور اللہ پر توکل کے متعدد واقعات ہمارے لیے سبق آموز ہیں۔ ہمارے اکابر نے ہمیشہ یہ پیغام دیا کہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، دین اور اصولوں کے معاملے میں ثابت قدمی اختیار کی جائے۔ آج بھی ہمیں اسی حوصلے، اخلاص اور استقامت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے سامنے مختلف نوعیت کے متعدد منصوبے اور پروگرام ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ ہر جگہ ہر منصوبے پر بیک وقت کام کیا جائے۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ ہر مقام پر اپنی استطاعت اور وسائل کے مطابق ترجیحات متعین کی جائیں اور جو ذمہ داری لی جائے اسے پوری محنت، اخلاص اور تسلسل کے ساتھ انجام دیا جائے۔
ناظمِ عمومی نے جمعیۃ علماء کے تربیتی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج ڈیجیٹل دور میں اگرچہ ذرائع اور طریقۂ کار تبدیل ہوگئے ہیں، لیکن تربیت کے بنیادی اصول وہی ہیں جو ہمارے اکابر نے قائم کیے تھے۔ ماضی کے تربیتی پروگراموں میں درسِ قرآن، درسِ حدیث، دینی و ملی مسائل پر گفتگو، ہندوستان کے آئینی نظام سے واقفیت اور عملی مشقوں کو اہمیت دی جاتی تھی۔ آج بھی ہمیں جدید تقاضوں کے مطابق اسی تربیتی روایت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔


انہوں نے جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد کے اس تاریخی ماحول میں دفتر کا قیام ایک نئی ذمہ داری کا آغاز ہے۔ امید ہے کہ یہاں سے جمعیۃ علماء کے کام کو مزید منظم، مؤثر اور وسیع پیمانے پر آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس دفتر کو دینی، ملی اور سماجی خدمات کا مؤثر مرکز بنائے اور تمام ذمہ داران کو اخلاص و استقامت کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے صدر مولانا محمد قاسم نوری نے فرمایا کہ اصل مقصد عمل ہے اوراگر ہم نے عمل کیا او رجمعیۃ علماء کے کاررواں کو آگے بڑھایا تو اس سے بہتر کوئی کام نہیں ہے ۔
جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے نائب صدر مولانا قاری عارف قاسمی نے دفتر کے قیام کے پس منظر پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ دفتر کے افتتاح کے ساتھ ہی اس جگہ کو جمعیۃ علماء کی مختلف سرگرمیوں کے لیے وقف کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔ مولانا قاری عارف قاسمی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس جگہ سے جمعیۃ علماء کی تنظیمی سرگرمیوں کو نئی قوت ملے اور یہ دفتر علماء، ائمہ، کارکنان اور ملی و سماجی خدمت سے وابستہ افراد کے لیے مفید مرکز ثابت ہو۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا عظیم اللہ صدیقی، مولانا مفتی حسان قاسمی، مولانا عبدالسبحان قاسمی، قاری عبدالسمیع شاہی، مولانا قاری محمود امینی، مولانا مفتی نثار الحسینی سمیت متعدد علماء و ذمہ داران نے خطاب کیا ۔
مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مولانا کلیم الدین قاسمی، مولانا حفیظ الرحمن محمودی، حاجی محمد مبشر، ڈاکٹر ابو مسعود، اسعد میاں ،نبی کریم سے حاجی نعمت اور دیگر حضرات نے شرکت کی۔

Related posts

وزیر داخلہ امیت شاہ نے ورلڈ بینک کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا

www.journeynews.in

 وزیراعظم  مودی کی قیادت والی حکومت نے صحت کے شعبے کو درپیش مسائل کو جامع نظریہ کے ساتھ حل کیا۔ امت شاہ

www.journeynews.in

یوم اُردو کے موقع پر جلسہ تقسیم انعامات اور مذاکرہ کا انعقاد

www.journeynews.in