اکتوبر 31, 2026
Delhi

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ کے مطالبات کی حمایت، انتظامیہ سے نرم رویہ اختیار کرنے کی اپیل

حکیم اجمل خان فورم فارپیس اینڈ کمیونل ہارمنی کے صدر تیج لال بھارتی اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید احمد خاں کا مشترکہ بیان
نئی دہلی۔ 29 اکتوبر 2026 (پریس ریلیز)
حکیم اجمل خان فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کے قومی صدر تیج لال بھارتی اور قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید احمد خاں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ کے تئیں نرم رویہ اختیار کرے اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے طلبہ یونین کے انتخابات بحال کرے۔ مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ جامعہ کے طلبہ انتظامیہ کے اپنے بچے ہیں اور ان کے مطالبات کوئی ناجائز یا بے جا نہیں ہیں، بلکہ یہ ایک جمہوری اور جائز مطالبہ ہے۔ پورے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں میں طلبہ یونین کے انتخابات منعقد ہوچکے ہیں، اس لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی طلبہ یونین کے انتخابات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کے انتخابات کا مطالبہ ایسا نہیں ہے کہ اس کے جواب میں جامعہ کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا جائے، یونیورسٹی کے دروازوں کو سیل کر دیا جائے اور تمام طلبہ کے ہاسٹل بند کر دیے جائیں۔ یہاں تک کہ طالبات کے ہاسٹلوں میں بھی پولیس اور فورس کی تعیناتی کر دی جائے۔ اس طرح کے اقدامات کسی بھی تعلیمی ادارے کے ماحول کے لیے مناسب نہیں ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے مزید کہا کہ جامعہ ایک تعلیمی ادارہ ہے، جہاں طلبہ کو تعلیم کے ساتھ جمہوری اقدار، اظہارِ رائے اور اپنے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا موقع ملنا اُن کا بنیادی حق ہے۔ طلبہ کے مطالبات کو سنجیدگی سے سننا اور ان کے ساتھ افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ طلبہ کو اپنے بچوں اور ملک کے مستقبل کے طور پر دیکھتے ہوئے ان کے جذبات اور مطالبات کی قدر کی جائے، طلبہ یونین کے انتخابات بحال کیے جائیں اور طلبہ کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو بند کیا جائے۔
آخر میں تیج لال بھارتی اور سید احمد خاں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سختی کے بجائے ہمدردی اور نرمی، مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرے اور طلبہ کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے نیز جامعہ میں معمول کے تعلیمی ماحول کی بحالی کو یقینی بنائے۔

Related posts

محفوظ الرحمن یادگار لیکچر غالب اکیڈمی میں 29 نومبر کو

www.journeynews.in

مسلمان اپنی زندگی کے ہر پہلو میں قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں: حاجی سید اسلم

www.journeynews.in

مشاورت جلدہی مسلمانوں کے مسائل پرایک کنونشن منعقد کرے گی۔ سید تحسین احمد

www.journeynews.in