اکتوبر 31, 2026
پریس ریلیز

*بزم کلیم عاجز کے زیر اہتمام تیسری ماہانہ طرحی نشست کا انعقاد*

مونگیر: پریس ریلیز
جامعہ رحمانی مونگیر کے شعبہ معہد الریادہ میں بعد نماز عشاء اساتذہ جامعہ رحمانی پر مشتمل ایک شاندار شعری طرحی نشست منعقد ہوئی، مصرع طرح: ڈاکٹر کلیم عاجز رحمہ اللّٰہ (جن کے نام سے یہ بزم منسوب ہے) کے مشہور زمانہ شعر کا مصرع: *بات کرنے کا سلیقہ چاہیے* مقرر کیا گیا۔ اس نشست کی صدارت جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذ حدیث و فقہ جناب مولانا مفتی شمشیر حیدر صاحب قاسمی نے فرمائی، نشست کا آغاز مولانا محمد اوصاف صاحب اشاعتی کی تلاوت سے ہوا اور مولانا مفتی نشاط احمد قاسمی ندوی مشرف و استاذ دارالحکمت جامعہ رحمانی مونگیر نے اپنی خوب صورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کر کے محفل کو زینت بخشی۔
نعتیہ کلام کے بعد سب سے پہلے مولانا محمد شاہد سنگار پوری (رکن فکر و نظر ٹی وی و استاذ جامعہ رحمانی مونگیر ) نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے داد و تحسین وصول کی۔
پھر جامعہ رحمانی کے استاذ مولانا محمد مزمل رحمانی صاحب نے سادگی کے ساتھ اپنا کلام پیش کیا جس سے سامعین خوب محظوظ ہوئے۔ اس کے بعد ڈاکٹر حفظ الرحمٰن حفیظ نے اپنا کلام پیش کیا جو نہایت ہی عمدہ تھا ، پھر جامعہ رحمانی کے استاذ فقہ و فلسفہ و عربی زبان و ادب مفتی زبیر احمد قاسمی ثانی نے اپنا کلام پیش کیا جسے سامعین نے بھرپور پزیرائی سے نوازا، اور عمدہ کلام پر سراہا۔ بعد ازاں جامعہ رحمانی کے استاذ اور امارت شرعیہ کی ریسرچ ٹیم کے ذمہ دار مفتی قیام الدین قاسمی(کاوش سیتامڑھی) نے اپنا کلام پیش کیا، جو بہت ہی معنی خیز اور سنجیدہ تھا۔اخیر میں جامعہ رحمانی کے استاذ حدیث و فقہ نائب ناظم تعلیمات برائے امور طلبہ مولانا سیف الرحمن ندوی نے اپنا کلام پیش کیا جس سے سامعین کافی متاثر ہوئے۔ بزم کے اختتام سے قبل تمام شرکاء کے اتفاق سے کئی تجاویز منظور ہوئیں۔ اس نشست کی نظامت کے فرائض مولانا مفتی نشاط احمد قاسمی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔
حاضرین میں جامعہ رحمانی کے چند معزز و مؤقر اساتذہ کرام مولانا محمد مشاہد حسین ندوی، مولانا عبد العلیم رحمانی ازہری، مولانا عماد الدین اصلاحی، مولانا ڈاکٹر محمد شہاب الدین ندوی ازہری، مولانا محمد اکرام الدین قاسمی، مولانا نور عالم رحمانی، مولانا محمد اوصاف اشاعتی، مولانا محمد راغب رحمانی، اور مولانا نہال رحمانی وغیرہ شریک رہے، اختتام پر نشست کے کنوینر مفتی قیام الدین قاسمی نے تمام شعراء و حاضرین کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
پسندیدہ اشعار نذر قارئین ہیں:
*سیف حال دل سنا آیا مگر*
*بے ادب کو کچھ سلیقہ چاہیے*
سیف سہرساوی
*میری ابجد تک پہنچنے کے لیے*
*تیرے جیسوں کو زمانہ چاہئے*
قیام الدین کاوش سیتامڑھی
*بات سب سنتے ہیں لیکن صاحبو!*
*بات کرنے کا سلیقہ چاہیے*
ثانی ارریاوی
*قوت تخلیق و فن بے آبرو*
*چیٹ کے جیسا کرشمہ چاہیے*
حفظ الرحمن حفیظ
*توڑ دوں میں اس سفر کی بندشیں*
*عزم کا مجھ کو سفینہ چاہیے*
مزمل بھاگل پوری
*لب پہ ہو ذکرِ خدا، دل میں وفا*
*عشق کا ایسا وظیفہ چاہیے*
شاہد سنگار پوری شاہد

Related posts

’آئی ایم اے‘ کی جانب سے جامعہ ہمدرد میں CME کا انعقاد

www.journeynews.in

اتراکھنڈ کے پرولا قصبہ کے مسلمانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے

www.journeynews.in

حج عمرہ عبادت بھی،سعادت بھی – مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی

www.journeynews.in