نومبر 23, 2025
Delhi

محمد اخلاق کے قاتلوں کو کلین چٹ دینا اور مقدمات واپس لینا افسوسناک

 مدارس کی تعلیم میں کوئی بھی رخنہ اندازی نہیں ہونی چاہیے 
شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں کہاکہ آج کی نسل دین سے بے بہرہ ہے اسی لیے ادھر ادھر بھٹک رہی ہے اس کے لیے والدین توجہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال پہلے دادری میں محمد اخلاق کی لنچنگ ہوئی تھی محمد اخلاق کے گھر پر قابل اعتراض گوشت ہونے کی افواہ پھیلاکر رات کے اندھیرے میں شرپسندوں نے دھاوا بول دیا تھا جس میں محمد اخلاق کی موت ہو گئی تھی اور ان کے بیٹے اور گھر والے زخمی ہو گئے تھے بعد میں انکوائری سے پتہ لگا کہ ان کے ہاں قابل اعتراض کوئی چیز نہیں تھی۔ مفتی مکرم نے کہا کہ محمد اخلاق کو انصاف ملنا چاہیے جو لوگ ان پر حملہ کے ملزم ہیں انہیں بچانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ اتر پردیش پولیس اور یو پی حکومت مقدمات کو واپس لینے کی کوشش کر رہی ہے یہ سراسر نا انصافی ہے ایسی کسی بھی کارروائی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ محمد اخلاق کی لنچنگ کے بعد 10 سال کے عرصے میں ملک میں کئی مقامات پر لنچنگ کے کیس ہو چکے ہیں۔ اگر محمد اخلاق کے قتل کے مقدمات واپس لیے جائیں گے تو لنچنگ کے مقدمات واپس لینے کی ایک مثال قائم ہو جائے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ محمد اخلاق کے قتل کے گنہگاروں کو سزا ملے اور مقدمات واپس نہ لیے جائیں۔
          مفتی مکرم نے کہا کہ اتر پردیش میں ایک خاص فرقے کے ساتھ کھل کر نا انصافی ہو رہی ہے یہ ناقابل برداشت ہے کبھی مساجد سے لاؤڈ سپیکر اتار نے کا فرمان جاری ہوتا ہے اور کبھی مدارس کے نصاب میں رخنہ اندازی کی جاتی ہے، مدارس میں عصری علوم شامل کرنے کے نام پر مدارس کے نصاب سے دینیات عربی اور فارسی کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اب یو پی کے ملحقہ مدارس کی جانچ ایک بار پھر اے ٹی ایس کے حوالے کی گئی ہے مفتی مکرم نے کہا کہ مدارس پر بلا وجہ شک کیا جا رہا ہے ہمیں کسی بھی جانچ پر اعتراض نہیں ہے لیکن طلبہ کی تعلیم میں رخنہ اندازی نہیں ہونی چاہیے اور شک و شبہ کی بنا پر کسی کو ہراساں نہ کیا جائے بلا تفریق آئین پر عمل ہو اور سب کو انصاف ملے۔

Related posts

وہ دن دور نہیں جب بھارت سرفہرست تین معیشتوں میں شامل ہوگا۔ مودی

www.journeynews.in

اب کوئی خطرہ زیادہ دور نہیں ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر

www.journeynews.in

بھارت اور چین نے ایل اے سی پر تنازعہ ختم کرنے پر اتفاق کیا ۔ وزارت خارجہ

www.journeynews.in