شملہ، 02 جولائی (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں اورنج الرٹ کے درمیان مانسون کی زوردار بارش ہو ر ہی ہے۔ کانگڑا، بلاس پور، اونا اور منڈی اضلاع میں دیر رات زبردست بارش ہوئی ہے۔ بادلوں کے برسنے کے منفی اثرات نظر آنے لگے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات شروع ہو گئے ہیں۔
منڈی ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہوگئیں۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی جگہوں پرٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے بجلی بھی غائب ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے میدانی اور وسط پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے اور لوگوں بالخصوص سیاحوں سے الرٹ رہنے کو کہا ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں اور ندیوں اور ندی -نالوں کے قریب نہ جائیں۔ ریاست میں 6 جولائی تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ریاست میں منگل کی صبح تک 36 سڑکیں بند ہیں۔ ان میں سے 35 سڑکیں منڈی ضلع میں اور ایک چمبہ میں بند ہیں۔ منڈی ضلع کے گوہر سب ڈویژن میں 13، کرسوگ میں 11، سینج میں 10 اور سندر نگر میں ایک سڑک بلاک ہے۔ کانگڑا ضلع کے اندورا سب ڈویژن میں ایک سڑک پر ٹریفک بھی ٹھپ ہے۔ موسلا دھار بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے ریاست میں 169 ٹرانسفارمر بند ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ 77 ٹرانسفارمر اونا ضلع میں، 68 منڈی میں اور 24 چمبہ میں بند ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کانگڑا میں کل رات سب سے زیادہ 75 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ برٹھیں میں 41 ملی میٹر، دھرم شالہ میں 30،سینج میں 29، اونا میں 20، منڈی میں 16 اور بلاس پور میں 10 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔
ہل اسٹیشن پر سیاحوں کی آمدورفت کم ہوئی
ریاست میں مانسون کی بارش کی وجہ سے سیاحوں کی آمدورفت میں زبردست کمی آئی ہے۔ اہم پہاڑی مقامات شملہ، چایل، ڈلہوزی، منالی اور کسول وغیرہ میں ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ میں کمی آئی ہے۔ شملہ میں ہوٹلوں کی اکیوپینسی 85 فیصد سے کم ہو کر 60 فیصد پر آ گئی ہے۔ شملہ ہوٹلیئر اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پرنس ککوریجا نے کہا کہ بارش کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی ہوٹلوں میں ایڈوانس بکنگ بھی کم ہوگئی ہے۔ کچھ بکنگ صرف ویک اینڈ کے لیے آئی ہیں۔ ریاست میں سیاحتی موسم سرکاری طور پر 15 اپریل سے 15 جولائی تک رہتا ہے۔
previous post