400 طلبہ و طالبات کی شرکت، انعامات اور ٹرافیوں سے حوصلہ افزائی
دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے زیر اہتمام ۲۷ جولائی کو دہلی میں منظم مکاتب کے طلبہ و طالبات کا دوسرا عظیم الشان مرکزی امتحان کامیابی کے ساتھ مدنی ہال مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند میں منعقد ہوا۔ اس ایک روزہ امتحان میں دہلی کے مختلف علاقوں سے منتخب شدہ 31 مکاتب کے 400 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔امتحانی نظام کی نگرانی 14 ماہر ممتحن و ممتحنات نے کی، جنہوں نے نہایت نظم و نسق، حسن انتظام اور خوشگوار تعلیمی ماحول میں طلبہ کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں کامیاب طلبہ کو ایوارڈز، ٹرافیاں اور انعامات سے نوازا گیا، جس سے ان کی علمی و روحانی حوصلہ افزائی ہوئی۔
پروگرام کے اختتام پر ناظم دینی تعلیمی بورڈ مولانا محمد شعیب قاسمی نے تمام نظماءِ مکاتب سے ملاقات کر کے ان کے تاثرات سنے اور آئندہ اس پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشورے حاصل کیے۔ اس موقع پر دینی تعلیمی بورڈ صوبہ دہلی کے جنرل سکریٹری قاری عبدالسمیع ، مولانا محمد فضیل اور مولانا فیروز آدم کی خصوصی محنت و کاوشیں نمایاں رہیں۔اس کامیاب تعلیمی سرگرمی کو شرکاء، والدین اور معلمین نے نہایت سنجیدگی سے سراہا اور جمعیۃ علماء ہند کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر دینی مکاتب کی افادیت اور ان کے فروغ پر زور دیا گیا۔