نئی دہلی۔15؍ ستمبر۔ ایم این این۔بھارت کی ترقی کے سفر میں پائیداریت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا ہے، یہ بات وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے آج بیورو آف انڈین اسٹینڈرز (بی آئی ایس( کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی الیکٹروٹیکنیکل کمیشن (آئی ای سی) جنرل میٹنگ نمائش کے افتتاحی خطاب کے دوران کہی۔ جناب گوئل نے کہا کہ ماحولیاتی ہم آہنگی کی ثقافت اورروایت میں پیدائش کے ناطے بھارت ترقی کے ستون کے طور پر پائیداری پر بھرپور توجہ دے رہا ہے کیونکہ ہر بھارتی فطری طور پر قدرت کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ترقی یافتہ دنیا سے سیکھنے پر یقین رکھتا ہے، خاص طور پر ان اعلیٰ معیاروں سے جو دنیا بھر کی معیشتوں کو فروغ اور خوشحالی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے اعلیٰ معیار بھارت کی اپنی ترقی کے لیے بھی مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، کیونکہ بھارت دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی بڑی معیشت ہے۔وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بین الاقوامی الیکٹروٹیکنیکل کمیشن جنرل میٹنگ جیسی پہل نظریات، نظام اور طریقہ کار کے تبادلے کے لیے ایک قیمتی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں تاکہ معیارات کا تعین کیا جا سکے۔ جب ممالک ایسے معیارات تیار کرنے کے لیےیکجاہوتے ہیں، تو نہ صرف یہ عمل کو ہم آہنگ کرنے اور کم از کم معیارکی بلندسطح پر پہنچانے میں مدد دیتا ہے بلکہ مضبوط اقتصادی تعاون کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اچھے معیارات ایک ترقی پذیر ملک جیسے بھارت کے لیے آج کی ضرورت ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف قومی سطح پر ترقی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں بلکہ عالمی ترقی میں تعاون کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔جناب گوئل نے نوٹ کیا کہ عالمی معیارات کو ہم آہنگ کرنا نہ صرف مصنوعات کے معیار کو بہتر بناتا ہے بلکہ آزاد تجارت کو فروغ دیتا ہے، مارکیٹوں کو کھولتا ہے اور وسیع بین الاقوامی تعاون کو بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پہل کھلی مارکیٹوں کو وسعت دینے، آزاد اور منصفانہ تجارت کی حوصلہ افزائی کرنے اور کاروبار کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے میں مدد کریں گی۔ جناب گوئل نے آئی ای سی جنرل میٹنگ میں بین الاقوامی ماہرین کی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ نئے خیالات پر غور کریں گے اور معیارات کے اپنانے کو فروغ دینے کے طریقوں کی تلاش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ بہت سے ماہرین انجینئرنگ کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں، لہٰذا نمائش میں ہونے والی مباحثے عالمی سطح پر معیارات کے موضوع پر تبادلہ خیال کو مزیدوسعت دیں گے۔ انہوں نے دہرایا کہ اعلیٰ معیار کو فروغ دینا صارفین کے مفاد کو یقینی بنانے، طلب میں اضافہ کرنے اور طویل مدتی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔