نئی دہلی۔ 14 ستمبر 2023
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس دہلی اسٹیٹ کے صدر ڈاکٹر شکیل احمد نے ڈاکٹر سیّد احمد خاں کو بھاگیرتھی ایوارڈ 2023 ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ آج کے پُرآشوب دور میں قومی یکجہتی کا یہ ایوارڈ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ڈاکٹر سیّد احمد خاں کو سرکاری اور غیر سرکاری درجنوں ایوارڈز مل چکے ہیں لیکن یہ ایوارڈ اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ نہ صرف ایوارڈ کی شکل میں ایک اعزاز ہے بلکہ آپسی میل جول کی بھارتیہ روایت کو فروغ دینے کی کوشش بھی ہے۔ اس کے لیے ہم بھاگیرتھی سماجک سنسکرتی منچ ، ہنومان مندر، کناٹ پلیس، نئی دہلی کے ذمہ داروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس فارمیسی ونگ کے قومی نائب صدر حکیم اعجاز احمد اعجازی دربھنگوی، قومی سکریٹری حکیم نعیم رضا، حکیم رشادالاسلام الٰہ آبادی اور فارمیسی ونگ دہلی اسٹیٹ کے نائب صدر حکیم آفتاب عالم، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی کے علاوہ طبّی کانگریس کے کو-آرڈی نیٹر اسرار احمد اُجینی، مبثوث احمد اور پریس سکریٹری محمد عمران قنوجی نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح ہو کہ یہ ایوارڈ کناٹ پلیس، نئی دہلی میں واقع ہنومان مندر کے تحت بھاگیرتھی سماجک سنسکرتی منچ کی جانب سے ہر سال چنندہ شخصیات کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں تفویض کیا جاتا ہے۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس، نئی دہلی