نئی دلی۔ 12؍ اکتوبر۔ ایم این این۔لائف پر پارلیمانی فورم (ماحول کے لیے مشن لائف اسٹائل) کا انعقاد آج 12 اکتوبر 2023 کو، نویں جی 20 پارلیمانی اسپیکرز سمٹ (P20) کے شاندار افتتاح سے ایک دن پہلے ہوا، جس کی میزبانی ہندوستان کرے گا۔ پارلیمانی فورم کے بعد، آسٹریلوی ایوان نمائندگان کے سپیکر، ملٹن ڈک؛ محترمہ شیریں شرمین چودھری، بنگلہ دیش کی قومی اسمبلی کی اسپیکر؛ عالی جناب ساقر غوباش ،متحدہ عرب امارات کی نیشنل فیڈریل کونسل کے سپیکر اور پین افریقی پارلیمنٹ کے قائم مقام صدر ڈاکٹر اشیبیر ولڈی گیورگیس گایو نے لوک سبھا کے اسپیکر شری اوم برلا سے ملاقات کی۔لوک سبھا اسپیکر نے G20 سمٹ کے دوران ہندوستان کی ترجیحات اور اقدامات کی حمایت کرنے پر آسٹریلیا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے G20 میں افریقی یونین کی شمولیت کے لیے ہندوستان کے اقدام کی حمایت کرنے پر آسٹریلیا کی بھی تعریف کی۔ جناب برلا نے یہ بھی نوٹ کیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے حالیہ دوروں نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے اور باہمی تعاون کو مزید گہرا اور نئی توانائی بخشی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں پارلیمانوں کو پارلیمانی تعاون کا دائرہ وسیع کرنا چاہیے۔بنگلہ دیش کی قومی اسمبلی کی اسپیکر ایچ ای محترمہ شیریں شرمین چودھری کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران، شری برلا نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کو دونوں پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سڑک، ریل، فضائی، آبی گزرگاہوں اور ڈیجیٹل شعبوں میں رابطے بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔فیڈرل نیشنل کونسل، یو اے ای کے اسپیکر جناب ساقر غوباش کے ساتھ اپنی ملاقات میں، شری برلا نے نوٹ کیا کہ ’گلوبل بائیو فیول الائنس‘ اور ’انڈیا مڈل ایسٹ۔یورپ اکنامک کوریڈور‘ جیسے اقدامات نے ہندوستان اور یو اے ای کو قریب لایا ہے۔