نئی دہلی۔ 27 نومبر 2023
یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا (راجستھان) کے سرپرست اور جے پور کے معروف ملّی، تعلیمی اور سماجی کارکن ایڈووکیٹ عبدالقیوم اختر صاحب کا آج (27 نومبر) کی صبح تقریباً 85 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا (یو ایم آئی) کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ملت کے بطل جلیل تھے۔ مسلمانوں کی بھلائی کے لیے زندگی بھر ہر ممکن کوشش کی۔ وہ 1977 میں راجستھان وقف بورڈ کے چیئرمین ہوئے۔ اس کے علاوہ راجستھان ہائوسنگ بورڈ کے ایگزکیوٹیو ڈائرکٹر، رکن آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے رکن، انٹرنیشنل مساجد کمیٹی (صدر دفتر جدہ) کے رکن، کنوینر ملّی کونسل راجستھان، رکن مسلم پرسنل لا بورڈ وغیرہ رہے۔ ان کا ایک تعلیمی ادارہ رحمانی ماڈل سینئر سکنڈری اسکول بھی ہے۔ مرحوم کے پس ماندگان میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے دانش اختر اور ایڈووکیٹ سرور عالم شامل ہیں۔
میٹنگ میں ان کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انھیںجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ تعزیت کرنے والوں میں بزرگ صحافی جلال الدین اسلم، معصوم مرادآبادی، مولانا محمد نسیم مظاہری، محفوظ الرحمن، حسین احمد خلیل آبادی، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر فہیم ملک، حکیم آفتاب عالم، علیم انصاری، اسرار احمد اُجینی اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔