آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے مرکزی دفتر واقع دریاگنج، نئی دہلی میں ماہنامہ الشفاء ڈائجسٹ کی اشاعت کے تیس سال مکمل ہونے پر خاص شمارہ کا اجرا سینئر صحافی سیّد خالد حسین (سنگاپور) کے بدست عمل میں آیا۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ دہلی سے اردو میں طبّی میگزین الشفاء نے تیس سال کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیے ہیں اور اس کی اشاعت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا آج کل اردو قارئین کی تعداد میں کمی کے باوجود یہ میگزین تسلسل سے شائع ہو رہا ہے، یقینا یہ بڑی کامیابی ہے۔ اس کے لیے ایڈیٹر سیّد اعجاز حسین قابل مبارک باد ہیں۔
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ یہ میگزین آسان اردو زبان میں شائع ہو رہا ہے اور یہ فیملی میگزین کے طور پر معروف ہے نیز اس کی اشاعت کافی طویل ہے۔ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس سے وابستہ ممبران بڑی تعداد میں اس کے ممبر بھی ہیں اس کے علاوہ یونانی دواساز اداروں کا بھی اس کی اشاعت میں بڑا تعاون ہے، ہم اُن کے مشکور ہیں۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ اردو اور طب یونانی لازم و ملزوم ہیں اس لیے ہر یونانی ڈاکٹر کو اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ اس سے نہ صرف زبان درست ہوگی بلکہ طبّی معلومات میں اضافہ بھی ہوگا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سیّد عارف جنید، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، حکیم آفتاب عالم، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، محمد مستقیم خاں اور ندیم عارف نے بھی اظہار خیال کیا۔ تمام شرکاء کا شکریہ محمد عمران قنوجی نے ادا کیا۔