نئی دہلی۔ 28 فروری 2024
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) نے معروف ادیب رام پرکاش کپور کے انتقال پر دریاگنج، نئی دہلی میں ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا اور ان کی اردو نوازی کے لیے انہیں خراج عقیدت پیش کی گئی۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ رام پرکاش کپور نے ہمارا اس وقت ساتھ دیا جب ہم نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر ’عالمی یوم اردو‘ کا آغاز کیا۔ وہ جب تک صحت مند رہے 9 نومبر کو پابندی سے ’اُردوڈے‘ کے پروگرام میں شریک ہوتے تھے۔ انہوں نے کئی مرتبہ امریکہ سے اپنے خرچ پر ’اردو ڈے‘ تقریب میں شرکت کے لیے دہلی کا سفر کیا اور علامہ اقبال کے حوالے سے یہ بھی کہتے تھے کہ کچھ منفی سوچ کے لوگ غلط پروپیگنڈہ اور غلط بیانی پھیلاتے رہتے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔ واضح ہو کہ 19 فروری 2024 کو رام پرکاش کپور کا 95 سال کی عمر میں اکلوتی بیٹی کے گروگرام واقع مکان پر انتقال ہوا۔ ان کے انتقال سے اردو داں عوام میں سوگ پایا جاتا ہے۔ رام پرکاش کپور صاحب نے زندگی بھر منافقت سے دور رہ کر بے لوث اردو کی خدمت کی۔
تعزیت کرنے والوں میں ماہنامہ رہنمائے تعلیم جدید کے ایڈیٹر نارنگ ساقی اور معاون ایڈیٹر ابونعمان، اردو بک ریویو کے ایڈیٹر محمد عارف اقبال، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ اور اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے عہدہ داروں میں ڈاکٹر لال بہادر، ڈاکٹر پرواز علوم، خالد حسین (علیگ)، محمد جمال علیگ، حکیم عطاء الرحمن، حکیم آفتاب عالم، کلیم تیاگی، تحسین علی اساروی اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، نئی دہلی