نئی دلی۔ 21؍ اکتوبر۔ ایم این این۔مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج نئی دہلی میں ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے "سروے-ری سروے فار اربن لینڈ ریکارڈز میں جدید ٹیکنالوجیز” کے استعمال پر بین الاقوامی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے بطور مہمان خصوصی اپنے کلیدی خطاب میں ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈز ماڈرنائزیشن پروگرام (ڈی آئی ایل آر ایم پی) کے تحت زمینی ریکارڈوں کی ڈیجیٹائزیشن اور دیکھ بھال کو فروغ دینے میں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ معیاری زمینی ریکارڈ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ ڈیجیٹل طور پر اپ ڈیٹ شدہ اور شفاف زمینی ریکارڈ، زمینی وسائل کو بہتر بنانے اور پالیسی اور منصوبہ بندی میں مدد کے لیے مختلف ایجنسیوں کے ساتھ معلومات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایک مضبوط پراپرٹی ریکارڈ اور ٹیکس انتظامیہ کے لیے زمینی ریکارڈ تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی مرکز اور ریاستوں کی مختلف اسکیموں کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کی تاثیر اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے اہم ہے۔ وزیر موصوف نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں میں قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور زمینی وسائل کے محکمے اور ریاستی حکومتوں سے قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی درخواست کی۔انہوں نے شہری زمینی ریکارڈ بنانے میں حکومت مدھیہ پردیش کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ 34 قصبوں میں ڈرون پرواز مکمل ہو چکی ہے اور 12 قصبوں میں آرتھوریکٹیفائیڈ امیجری (او آر آئی) کی پیداوار مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے شہری علاقوں میں زمینی ریکارڈ بنانے کے مقصد سے محکمہ زمینی وسائل کے "نیشنل جیو اسپیشل نالج بیسڈ لینڈ سروے آف اربن ہیبی ٹیشنز (نکشا)” نامی اہم پروگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ پائلٹ پروجیکٹ تمام ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 100 سے زیادہ شہروں / قصبوں میں شروع کیا جائے گا اور اس کے ایک سال کے وقت میں مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس کے بعد مکمل سروے کیا جائے گا، جس میں 5 سال کی مدت میں ملک کے تمام شہری علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ جناب چوہان نے مزید کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ 3ڈی تصویروں کے ساتھ فضائی فوٹو گرافی شہری منصوبہ بندی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ مقامی سطح پر بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نکاسی آب اور سیلاب کے بہتر انتظامات کو تیار کرنا بہت ضروری ہے۔ درست جی پی ایس کوآرڈینیٹ کے ساتھ فضائی فوٹو گرافی زمینی سروے کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد کرے گی، جو بالآخر پراپرٹی ٹیکس کی تشخیص، بہتر ٹرانسپورٹ سسٹم، نکاسی آب کی منصوبہ بندی اور سیلاب کے انتظام اور ہمارے شہری علاقوں کے لیے ماسٹر پلان کی تیاری میں کارآمد ثابت ہوگی۔