پریس ریلیز

ممتاز و بزرگ صحافی جلال الدین اسلم کے منتخب مجموعہ مضامین ’نقد و نظر‘ کا اجرا

پروفیسر اخترالواسع، معصوم مرادآبادی، سہیل انجم اور ڈاکٹر سیّد احمد خاں کا اظہار خیال
نئی دہلی۔ 20 فروری 2025
’’جلال الدین اسلم صحافت و کتابت کا بہترین امتزاج ہیں۔ انہوں نے پوری زندگی قلم و قرطاس کی خدمت میں بسر کی اور آج پیرانہ سالی کے باوجود بھی قلم و قرطاس سے ان کا رشتہ قائم ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار آج یہاں غالب اکیڈمی میں پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے جلال الدین اسلم کے منتخب مجموعہ مضامین ’نقد و نظر‘ کے اجرا کی تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’نقد و نظر‘ جلال الدین اسلم کے افکار و نظریات کا آئینہ ہے اور اسے زیادہ سے زیادہ ہاتھوں پر پہنچنا چاہیے۔ صدارتی کلمات میں انہوں نے مزید کہا کہ زبانوں کی بقا اور اس کے چاہنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا حکومت کا کام ہے۔ ممتاز صحافی معصوم مرادآبادی نے خطاب میں کہا کہ جلال الدین اسلم کی تازہ کتاب میں شامل مضامین ملک و ملت کے لیے ان کے درد کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا سب سے غالب پہلو انسانیت نوازی ہے۔ انہوں نے ضرورت مندوں اور مستحقین کی بے لوث خدمت کی ہے۔ صحافت اور کتابت سے ان کا رشتہ پیشہ ورانہ نہیں بلکہ مخلصانہ ہے اور انہوں نے آج تک کوئی کام مالی منفعت کے نقطہ نظر سے نہیں کیا۔ سینئر صحافی سہیل انجم نے کہا کہ جلال الدین اسلم نے کتابت اور صحافت کے ذریعہ اردو زبان و ادب کی بیش بہا خدمت انجام دی ہے اور وہ ہمیشہ لوگوں کی مدد کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلال الدین اسلم صاحب کے منتخب مجموعہ مضامین ’’نقد و نظر‘‘ دستاویزی حیثیت کا حامل ہے۔ اردو بک ریویو کے ایڈیٹر محمد عارف اقبال نے کہا کہ ’نقد و نظر‘ جلال الدین اسلم کے ایسے مضامین کا مجموعہ ہے جو انہوں نے گہری سوچ کے بعد لکھے ہیں۔ وہ افکار و نظریات کی سطح پر بلند آہنگ ہیں۔
پروگرام کے آرگنائزر اور اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ جلال الدین اسلم نے گوشہ نشینی کے ساتھ اردو زبان کی جو خدمت انجام دی ہے وہ بڑے بڑے ادیبوں اور صحافیوں نے انجام نہیں دی۔ غالب اکیڈمی کے سکریٹری ڈاکٹر عقیل احمد نے اس موقع پر صاحب کتاب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ان مضامین کو بھی منظرعام پر لائیں جو ابھی تک شائع نہیں ہوئے ہیں۔ فیروز ہاشمی، جاوید رحمانی، ڈاکٹر مفتی انور جاوید دہلوی اور کے ایل نارنگ ساقی نے بھی اس موقع پر جلال الدین اسلم کو مبارک باد پیش کی۔ اہم شرکاء میں مولانا ارشد سراج الدین مکی، ڈاکٹر خورشید عالم، حکیم آفتاب عالم، محمد نوشاد ندوی، اسرار احمد اُجینی، دانش رحمن، فیضان، ریحان، ذیشان، محمد اویس، محمد حنیف، ندیم عارف اور محمد عمران قنوجی وغیرہ شامل ہیں۔ تمام شرکاء کا شکریہ ڈاکٹر ابوزید نے ادا کیا۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)

Related posts

اترا کھنڈ سے مسلمانوں کو بے دخل کرنے کی کوشش ملک کی یکجہتی کیلئے عظیم خطرہ

www.journeynews.in

وقف بورڈ کے مساجد کے اماموں کی تنخوا ہ فواً جاری جائے۔مسلم لیگ 

www.journeynews.in

ریلائنس فاؤنڈیشن نے 10 نکاتی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا

www.journeynews.in