20.1 C
Delhi
اکتوبر 14, 2025
Delhi

حالات کا شکوہ آپ کا شیوہ نہیں۔ امت خیر امت کا مطلوبہ کردار ادا کرے

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس اختتام پذیر
ملک وملت اورجماعت وانسانیت سے متعلق امور ومسائل پر غوروخوض اوراہم فیصلے۔ قرار داد و تجاویز

نئی دہلی،6/اکتوبر 2025ء
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس کل بتاریخ 5/اکتوبر2025ءبوقت دس بجے صبح اہل حدیث کمپلیکس،اوکھلا،نئی دہلی میں زیرصدارت مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ، امیرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند منعقدہواجس میں ملک کے طول وعرض کشمیر سے لے کر کیرلا تک سے آئے ہوئے معززاراکین مجلس عاملہ وذمہ داران صوبائی جمعیات اہل حدیث نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز ڈاکٹر عبدالعزیز مبارکپوری نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔بعدازاں امیرمحترم مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی کاصدارتی خطاب ہواجس میں آپ نے موقر اراکین اورذمہ داران صوبائی جمعیات کاخیرمقدم کیا اورتہ دل سے اجلاس میں شرکت کے لیے کلمات تشکرپیش کیے اورموجودہ حالات میں دعوت الی اللہ ، تعلیم وتربیت ،خدمت خلق ، انسانی بھائی چارہ ،اتحادواتفاق، قومی یکجہتی ،پرامن تعایش اور رجوع الی اللہ کی اہمیت وضرورت پرزور دیا اورکہا کہ ہرزمانہ میں ہمارے اسلاف کرام کایہ امتیاز رہا ہے۔ بعد ازاں ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندمولانامحمدہارون سنابلی کی ایما پر نائب ناظم مولانا محمد علی مدنی صاحب نے گزشتہ اجلاس عاملہ کی کارروائی کی خواندگی کی اورشرکاءاجلاس نے اس کی توثیق کی۔اس کے بعدمرکزی جمعیت کی رپورٹ کارکردگی ناظم عمومی کے ذریعہ پیش کی گئی جس پر اراکین نے اپنے مکمل اطمینان و خوشی کا اظہار کیا ۔ بعدہ دعوتی تنظیمی، ملی و ملکی امور پر تبادلہ خیال ہوا اور تنظیم و دعوت اور موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصا تحفظ مدارس اور دیگر امور سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے اور فیصلے لیے گئے۔ جمعیت کی مالی و تنظیمی حالات و معاملات کی طرف ناظم عمومی اور ناظم مالیات نے ارکان کی توجہ مبذول کرائی اور اس سلسلہ میں اہم فیصلے لیے گئے اور نئے عزم و ولولے سے تمام کاموں کو انجام دینے کا عہد کیا گیا۔ پھر موجودہ حالات کے تناظر میں اہم تجاویز و قرار دادیں پیش کی گئیں اور شیخ انیس الرحمن اعظمی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث تمل ناڈو و پانڈیچری کی دعا پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔
اجلاس میں ملی ،جماعتی وملکی اورعالمی اہم امورومسائل کے سلسلے میں قراردادیںاورتجاویز پیش کی گئیں جنہیں ارکان عاملہ نے باتفاق رائے منظورکیا۔ مجلس عاملہ کی قراردادوں میںاسلامی تعلیمات کو عام کرنے اوران سے متعلق پھیلی ہوئی غلط فہمیوں کے ازالے کی ضرورت اوربین مذاہب ڈائیلاگ کی اہمیت وافادیت پر زوردیاگیا ۔قرارداد میں ملی وسماجی تنظیموںکے ذمہ داران وعلماءکرام سے قوم وملت کی تعمیر وترقی کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔اس کے علاوہ ملک میں آپسی بھائی چارہ ، قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور اور ایسے بیانات سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے جن سے گنگا جمنی تہذیب کونقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ اسی طرح دینی اداروں کے بقا و استحکام کے ساتھ عصری وپیشہ ورانہ معیاری تعلیمی اداروں کے قیام واستحکام کو ملی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے باحیثیت و باشعور لوگوں سے معاونت کی اپیل کی گئی۔ اجلاس میںوقف ترمیمی ایکٹ پرملت اسلامیہ اورانصاف پسندوں کے اندیشوںکا اظہاراورسپریم کورٹ سے اس سلسلے میں مناسب فیصلہ کی توقع ظاہرکی گئی۔قرار داد میں میڈیاکی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اپنی ذمہ داری کو غیرجانبدارانہ انداز میںانجام دینے اورجمہوریت کے بقا وتحفظ کے لیے کام کرنے کی اپیل کی گئی۔
ملک وبیرون ملک ہر طرح کے دہشت گردانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے مجلس عاملہ نے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ اس کو کسی مذہب سے جوڑنا سراسر غلط اور نا انصافی ہے ساتھ ہی فاضل عدالتوں سے برسوں بعدباعزت بری ہونے والے نوجوانوںکی معاشی معاونت کے سلسلے میں ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی۔قرارداد میں محبت رسول کے اظہارکے پس منظرمیں گرفتاریوںپر اظہار تشویش اورلوگوں سے اس سلسلے میں مشتعل ہونے سے مکمل گریز کرنے کی اپیل کی گئی۔ خصوصا نوجوانوں سے کسی بھی غیر معمولی حالات میں اشتعال میں آنے سے بچنے کی اپیل کی گئی۔ ملک میںروز افزوں مہنگائی، بیروزگاری شراب نوشی، جہیز،قتل جنین اور دیگر سماجی برائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ان کے انسداد کی اپیل کی گئی ۔ مجلس عاملہ کی قرا رداد میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام دو روز ہ جاری اکیسواںسالانہ آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید و تفسیر قرآن کریم کے انعقاد کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی ستائش کی گئی ۔ قرار داد میںپنجاب کے اندر سیلاب سے بھاری تباہی اور اترا کھنڈ وغیرہ میں آفات سماوی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر غم وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومتوں اور عوام سے بلا تفریق مذہب متاثرین کی زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی گئی اور، فلسطین میں اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں بشمول نسل کشی اوربھکمری جیسی غیر انسانی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے قضیہ فلسطین کوجلد حل کرنے پرزوردیاگیا۔ فلسطینیوں کی مستقل ریاست کو اقوام متحدہ سے تسلیم کرنے کی اپیل کی گئی۔ علاوہ ازیںملک وملت اور جماعت کی اہم شخصیات کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیااورتمام مرحومین کے لےے دعائے مغفرت کی گئی۔

Related posts

اکیسواں کل ہندمسابقہ حفظ وتجویدوتفسیرقرآن کریم بحسن وخوبی اختتام پذیر ہمیں پوری انسانیت کاخیرخواہ اورخادم بنناہے/مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی

www.journeynews.in

جلسہ جشن عید میلادالنبیؐ کا انعقاد۔۔سیرت نبیؐ کو زیادہ سے زیادہ پڑھیں اور اس پر عمل کریں:مولانا محمد مسلم

www.journeynews.in

سچی آزادی پائیں سنت راجندر سنگھ جی مہاراج

www.journeynews.in