شارجہ ایف ڈی آئی آفس (انویسٹ ان شارجہ) نے انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل کونسل شارجہ کے تعاون سے شارجہ-انڈیا بزنس راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا، جس کا مقصد شارجہ کی امارات اور جمہوریہ ہند کی کاروباری برادریوں کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانا تھا۔ اس راؤنڈ ٹیبل میں مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس جیسے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے گئے، جبکہ شارجہ کی حیثیت کو ایک علاقائی گیٹ وے کے طور پر مزید مستحکم کیا گیا، جو انڈین کمپنیوں کے لیے مشرق وسطیٰ اور عالمی منڈیوں میں وسعت کے خواہاں ہیں۔
مضبوط اقتصادی اشاریے شارجہ-انڈیا تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس وقت امارات کی فری زونز میں 21,701 انڈین کمپنیاں موجود ہیں، اس کے علاوہ 20,199 انڈین کمپنیاں مین لینڈ مارکیٹ میں سرگرم ہیں۔ شارجہ اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت 2025 میں 14.39 ارب درہم (3.92 ارب ڈالر) تک پہنچ گئی، جسے متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کی وجہ سے تقویت ملی، جو 2022 میں نافذ ہونے کے بعد سے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں اضافہ کر چکا ہے۔
راؤنڈ ٹیبل میں چیئرمین محکمہ حکومتی تعلقات و اعلیٰ کمیٹی برائے اقتصادی انضمام شارجہ شیخ فہیم القاسمی، چیف ایگزیکٹو آفیسر شارجہ انویسٹمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (شروق) احمد عبید القاسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر شارجہ ایف ڈی آئی آفس (انویسٹ ان شارجہ) محمد جمعہ المشرخ، قونصل جنرل جمہوریہ ہند برائے دبئی و شمالی امارات ستیش کمار سیوان، چیئرمین بانی کمیٹی انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل کونسل شارجہ لالو سیموئل اور دونوں جانب سے متعدد حکام نے شرکت کی۔
راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے شیخ فہیم القاسمی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 2026 متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان تجارت اور تعلقات کے لیے مزید خوشحالی کا سال ہوگا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق شارجہ کی جی ڈی پی میں 8.5 فیصد اضافہ متوقع ہے، اور انہوں نے انڈین کاروباری برادری کے لیے امارات میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین کاروباری افراد شارجہ کی اس کامیابی کا حصہ ہیں جس نے مینوفیکچرنگ اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں سال بہ سال 9 فیصد سے زائد کی بلند شرح نمو حاصل کی ہے۔
احمد عبید القاسر نے کہاکہ، "یہ راؤنڈ ٹیبل 2026 کے آغاز کی علامت ہے اور بھارت کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر شارجہ کی توجہ کو ظاہر کرتا ہے، جس میں تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور طویل مدتی شراکت داری پر زور دیا گیا ہے۔”
گزشتہ برسوں کے دوران، شارجہ نے بھارت کے ساتھ اپنی شراکت داری میں مسلسل ترقی ریکارڈ کی ہے، جس میں 102 انڈین ایف ڈی آئی منصوبے شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2.96 ارب ڈالر ہے اور جن سے 3,600 سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ یہ اعداد و شمار اس اعتماد کو اجاگر کرتے ہیں جو انڈین کمپنیاں شارجہ پر کرتی ہیں اور اس شراکت داری کی اہم شعبوں میں مضبوطی کو ظاہر کرتے ہیں۔
