یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے جامعہ ازہر ہندیہ اور معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم، جیت پور میں حب الوطنی پر مبنی شاندار پروگرام
26؍جنوری2026ء
یومِ جمہوریہ آئینِ ہند کی پاسداری اور اس کے تئیں تجدیدِ وفا کا دن ہے۔ آئینِ ہند ایک ایسا جامع دستور ہے جسے ہمارے عظیم اکابرین نے دنیا کے مختلف آئینوں کا عمیق مطالعہ کرنے کے بعد مرتب کیا۔ آج ہم یومِ جمہوریہ منا رہے ہیں، جو یقیناً ہمارا قومی تہوار ہے، مگر اس موقع پر ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم آئینِ ہند کے وفادار رہیں گے، قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں سرگرم حصہ لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار جامعہ ازہر ہندیہ اور معہد علی بن ابی طالب لتحفیظ القرآن الکریم کے مدیر مولانا محمد اظہر مدنی نے دونوں اداروں کے طلبہ کے مشترکہ جشنِ یومِ جمہوریہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آپ نے کہا کہ آج پورے ملک میں یومِ جمہوریہ جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، لیکن ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ یہ دن ہم سے کیا تقاضا کرتا ہے؟ قومی ترنگا لہرا کر، قومی ترانہ اور گیت عقیدت و احترام کے ساتھ گنگنا کر ہم دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم متحد ہیں اور ہمارے مفادات مشترک ہیں۔
مولانا نے مزید کہا کہ ہمیں یومِ جمہوریہ کے موقع پر یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم ملک کے ہر شہری سے محبت کریں گے، مذہب یا فکر کی بنیاد پر کسی قسم کا امتیاز نہیں برتیں گے اور مذہبی رواداری و قومی یکجہتی جیسے خوبصورت جذبات کو فروغ دیتے رہیں گے۔
اس موقع پر جامعہ ازہر ہندیہ اور معہد علی بن ابی طالب کے طلبہ نے حب الوطنی پر مبنی متنوع اور بامعنی پروگرام پیش کیے۔ پروگرام کا آغاز حافظ عزیر احمد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاںمحمد افضل شبیر عالم اور محمد آصف نےہندی،عبدالحمید محمد ریاض نےاردو،ناظم سعید الرحمن نےانگریزی اور منظر عالم عبدالبصیر نےعربی زبانوں میں مختلف پروگرام پیش کئے۔محمد وسیم اینڈ گروپ نے نہایت مترنم آواز میں ترانہ سارے جہاں سے اچھا پیش کیا، جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی مجلسِ مسلم مشاورت، نئی دہلی کے صدر ڈاکٹر ادریس قریشی نے پروگرام کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مدارسِ اسلامیہ دراصل دینی قلعے ہیں، جہاں قوم و وطن سے محبت کا جذبہ پروان چڑھایا جاتا ہے۔ آج کا یہ شاندار پروگرام اس بات کا واضح اور منہ بولتا ثبوت ہے کہ معہد علی بن ابی طالب اور جامعہ ازہر ہندیہ کے طلبہ نے نہایت بامعنی اور نوع بہ نوع حب الوطنی پر مبنی پروگرام پیش کیے ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مدارس اور دینی اداروں میں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ڈاکٹر ادریس قریشی نے اس کامیاب، بامقصد اور متاثرکن پروگرام کے انعقاد پر مولانا محمد اظہر مدنی اور ان کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر موصوف نے کہا کہ طلبہ کے پروگراموں میں قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری کا پیغام واضح طور پر جھلکتا ہے، اور ایسے پروگراموں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو آئینِ ہند اور اکابرین کی قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔
اس موقع پر علاءالدین انصاری، وسیم ریاضی اور نسیم فیضی نے بھی خطاب کیا اور بچوں کے پروگراموں کو سراہتے ہوئے آئین و دستور کی بالادستی اور اس سے وفاداری پر زور دیا۔اس پروگرام میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں مولانا محمد رئیس فیضی،قاری عبدالواحد غفرانی، قاری عبدالرحمن ثاقبی، قاری امروز صوفی، ڈاکٹر محمد اسعد،مولانا محمد سیف سراج فیضی، ذبیح اللہ ریاضی، اسد اللہ ریاضی، انجینئر تسلیم عارف، محمد ارشاد ریاضی اور معروف سائنس دان وحیدالزماں شامل ہیں، جن کی موجودگی نے پروگرام کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا۔
