آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن انتخاب عالم نے مرکزی وزارت صحت کی طرف سے دربھنگہ ایمس کی زمین کو مسترد کرنے کو متھلا کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے کہا کہ اس کے لئے نتیش کمار کے قریبی وزیر ہی اس کے لئے ذمہ دار ہیں انہوں نے کہا کہ بہار حکومت کے وزیر نے مرکزی حکومت کو جو زمین تجویز پیش کی تھی، وہ شوبھن نامی بائی پاس کے قریب واقع ہے، جو نیشنل ہائی وے سے کافی نیچے ہے، جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ جو زمین این ایچ سے کافی نیچےہے، جسے بھرنے میں بہت زیادہ خرچ ہو گا، اسے مرکزی حکومت کی سنٹرل ہیلتھ ٹیم نے مسترد کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جگہ اپنی خود غرضی اوراپنے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے منتخب کی گئی۔
مسٹر عالم نے کہا کہ سیمانچل میں ایمس کی مانگ ایک طویل عرصے سے کی جا رہی ہے کیونکہ پورے سیمانچل میں کوئی بڑا اسپتال نہیں ہے، سیمانچل کے باشندوں کو علاج کے لیے سلی گڑی اور پٹنہ جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اگر حکومت سیمانچل کے پورنیہ، ارریہ اور کشن گنج کے کسی بھی ضلع میں زمین چاہتی ہے تو سیمانچل کے لوگ اسے فراہم کرنے کے قابل ہیں۔
مسٹر عالم نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ جلد ہی بہار کو الاٹ کردہ ایمس کو پورنیہ کے ایک ضلع میں تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کرے تاکہ الاٹ شدہ ایمس کو بہار سے واپس جانے سے روکا جاسکے تاکہ اس کا فائدہ سیمانچل اور کوسی کے لوگوں تک پہنچ سکے۔