علمت یٰسین چیریٹیبل ٹرسٹ سیّد احمد خاں جیسے مجاہد اردو کو اعزاز دے کر فخر محسوس کر رہی ہے: خوشبو زیب
’یوڈی او‘ کے دفتر میں ڈاکٹر سیّد احمد خاں، محمد عارف اقبال اور حکیم عطاء الرحمن اجملی کو اعزاز سے نوازا گیا
نئی دہلی۔ 23 جون 2023
ڈاکٹر سیّد احمد خاں (سابق ڈپٹی ڈائریکٹر، سی سی آر یو ایم، بھارت سرکار) کی اردو خدمات آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ انھوں نے تن تنہا وہ کارنامے انجام دیے ہیں جو کہ انجمنوں نے نہیں دیا۔ وہ طب یونانی کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ہر دم کوشاں رہتے ہیں اور گزشتہ 25 برسوں سے ’عالمی یوم اردو‘ کا انعقاد کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے دہلی میں قیام پذیر صحافیوں، ادیبوں اور شاعروں کی جیسی حوصلہ افزائی کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ یہ باتیں علمت یٰسین چیریٹیبل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ خوشبو زیب نے دہلی کے دریا گنج میں اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یوڈی او) کے دفتر میں منعقدہ ایک ایوارڈ تقریب کے موقع پر اپنے ٹیلی-فونک بیان میں کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں سید احمد خان جیسے مجاہد اردو کو پہلا زبیر رضوی نیشنل ایوارڈ دے کر فخر کا احساس ہورہا ہے۔ محمد عارف اقبال نے پچھلے پچیس برسوں سے ’اردو بک ریویو‘ جیسا معیاری رسالہ نامساعد حالات کے باوجود جاری رکھا ہے یہ اردو سے ان کی محبت کا ثبوت ہے۔ اسی طرح حکیم عطاء الرحمن اجملی نے اپنی سماجی و طبی خدمات سے ہزاروں افراد کو مستفید کیا ہے۔ وہ مفت دوائیاں فراہم کرتے ہیں اور گاہے گاہے صحت جانچ کیمپ کا انعقاد کرتے ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں آج ہمیں سند اعزاز دیتے ہوئے مسرت کا احساس ہورہا ہے۔
اس موقع پر معروف ادیب اور صحافی جناب حقانی القاسمی نے کہا کہ سید صاحب، محمد عارف اقبال اور اجملی صاحبان کی کوششوں سے اردو زبان وادب کو توانائی اور تقویت ملی ہے۔ ان کی کوششوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہوگی۔ دربھنگہ سے تشریف لائے ڈاکٹر عبدالحی نے سید احمد خان، عارف اقبال اور حکیم اجملی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سید احمد خان اردو زبان کے فرہاد ہیں، انھوں نے ’عالمی یوم اردو‘ کا انعقاد کرکے پتھریلی زمین سے ایک چشمہ نکالا ہے۔ آج پورے ملک میں اس دن تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور یہ سب اس ایک شخص کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ عارف اقبال صاحب اپنی بیماری کے بعد بھی نہیں تھکے اور ’اردو بک ریویو‘ جیسا انوکھا رسالہ نکال رہے ہیں۔ انھوں نے بہت ساری معیاری کتب کی بھی اشاعت کی ہے اور ابن صفی جیسے مقبول عام ناول نگار کو اردو ادب میں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکیم اجملی صاحب اپنی سماجی و طبی خدمات کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان کا کام بھی لائق تحسین ہے۔ ڈاکٹر سید احمد خاں نے اس موقع پر ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے اس ایوارڈ سے ایک نئی توانائی ملی ہے اور میں مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کروں گا۔ محمد عارف اقبال اور حکیم عطاء الرحمن اجملی نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر اسرار احمد اُجینی، محمد عمران قنوجی، ندیم عارف اور دیگر حضرات موجود تھے۔ سبھی نے ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کی۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، نئی دہلی