1500 سے زیادہ افراد نے حصہ لیا، آخری مرحلہ میں 240 افراد کے درمیان مقابلہ 17 جولائی کو ہوگا
سعودی عرب کے ادارہ اسلامی امور کے زیر اہتمام پہلی مرتبہ سری لنکا میں حفظ قرآن کا مسابقہ منعقد کیا جارہا ہے جو اپنے حتمی مرحلہ تک پہنچ گیا ہے۔ مسابقہ میں جیتنے والوں کو کولمبو میں 17 جولائی کو اعزازت سے نوازا جائے گا۔ حفاظ کرام کے درمیان مسابقہ کو خادم حرمین شریفین کے سفارت خانہ اور سری لنکن وزارت مذہبی امور کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے۔ مسابقہ میں 1500 سے زیادہ مردو خواتین نے حصہ لیا۔مسابقہ قرآن کریم کے لیے ابتدائی طور پر کوالیفائی کرنے والے 15 سو افراد کو آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ چار گروپ مردوں کے لیے ہیں۔ مسابقہ کے چار ذیلی شاخیں ہیں۔ یہ کامل الحفظ ، بیس پاروں، دس پاروں اور پانچ پاروں کی کیٹگریز ہیں۔ 240 افراد فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ مسابقہ میں حصہ لینے والوں میں عربی مدارس اور تحفیظ قرآن کریم کے حلقوں کے طلبہ شامل ہیں۔
مسابقے کا فائنل دارالحکومت کولمبو میں 17 جولائی 2023 کو منعقد ہو رہا ہے۔ ثالثی کمیٹیاں دو ادوار میں مد مقابل افراد کو سنیں گی۔ صبح اور شام سماعت جاری رہے گی۔ ثالثی کمیٹی کا انتخاب محکمہ مذہبی امور نے کیا ہے۔ ثالثی کمیٹی میں تیس ارکان شامل ہیں۔ زیادہ تر ججوں نے قراءات عشرہ یعنی قرآن کریم کی 10 متواتر قراءات کی تعلیم مکمل کر رکھی ہے۔ آٹھ گروپوں میں سے ہر گروپ سے پہلے 5 افراد کو چنا جائے گا۔ اس طرح 40 افراد کا انتخاب ہو جائے گا۔ ان فاتحین کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں وزرا اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوں گی۔