سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کی مدد سے روشن گروپ نے منگل کے روز جدہ کے شمال میں مکمل طور پر مخلوط استعمال کے حامل منصوبے ’مرافی‘ کا اعلان کیا ہے۔اس کے مرکز میں ایک انسانی ساختہ نہر کے ساتھ ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد کو رہائشی سہولتیں مہیّا کی جائے گی۔اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ شہر میں پانی کا ایک نیا ذریعہ مہیّا کرے گا اور سعودی عرب میں کھودی جانے والی یہ پہلی نہر ہوگی۔یہ نہر11کلومیٹر طویل اور 100 میٹر چوڑی ہوگی۔یہ اوبھور جھیل سے مربوط ہوگی اور جدہ کے متعدد منفرد علاقوں میں گھری ہوئی ہوگی۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رہ نمائی میں روشن گروپ کثیر اثاثہ جات کلاس ڈویلپر کے طور پر ابھرا ہے اور اس نے کئی ایک ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔اس نے حالیہ مہینوں میں اپنی سرگرمیوں کو تیز کیا ہے اور ویژن 2030 کے پرعزم اہداف کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں متعدد قومی منصوبوں کی قیادت کی ہے۔گیگا منصوبے مرافی کا اعلان روشن گروپ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔روشن گروپ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) ڈیوڈ گروور نے اس منصوبے کو کھیل کا پانسا پلٹنے والا(گیم چینجر)قرار دیا۔گروور نے ایک پریس ریلیز میں کہا:’’مرافی رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ سیکٹر میں گیم چینجر ثابت ہوگا، خطے میں ترقی کی راہ کو بلند کرے گا، معیار زندگی کو بہتر بنائے گا اور جدہ میں نمایاں اثرات مرتب کرے گا‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’مرافی ان اہم منصوبوں میں سے ایک ہے جو جدہ کو عالمی معیار کی منزل کے نقشے پر لائے گا اور ایک متحرک کمیونٹی اور پھلتی پھولتی معیشت کی تشکیل کے ویژن 2030 کے اہداف کے حصول میں شراکت دار منصوبوں میں سے ایک ہوگا‘‘۔
آبی محاذ
مرافی کی نہر شکاگو، اسٹاک ہوم، ہیمبرگ اور وسطی لندن کے نہری پانی کے منصوبوں کے برابر ایک آبی ذخیرہ پیش کرے گی اور سمندری ماحول کو ایک ایسے تاریخی شہر کے مرکز میں لائے گی جو صدیوں سے تاجروں، مسافروں اور زائرین کا خیرمقدم کر رہا ہے۔
توقع ہے کہ اس منصوبے سے جدہ میں نئی جان آئے گی۔اس سے گھروں اور برادریوں کو فطرت، تجارت اور زندگی کو بہتر بنانے والی سہولیات سے جوڑنے کے لیے ایک شہری آبی راہداری بنائی جائے گی۔
منفرد علاقے
مرافی کی ترتیب متعدد الگ الگ علاقوں پر مشتمل ہوگی۔ان میں سے ہر ایک منفرد کردار کا حامل ہوگا۔ ان میں روشن کا موجودہ مربوط رہائشی ترقی کا منصوبہ ایلاروس بھی شامل ہے۔
اس منصوبے کے پہلو جدہ ریجن کے تاریخی ڈیزائنوں سے متاثر ہوں گے۔انھیں معاصر شہری تناظر میں از سرِنو تشکیل دیا جائے گا اور ان کی از سرِنو تشریح کی جائے گی۔
پانی کے کنارے کے واقع متنوع علاقے ایک دوسرے سے اور باقی جدہ سے ایک انٹرماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم کے ذریعے منسلک ہوں گے۔اس نظام میں واٹر ٹیکسیاں ، بس لائنیں ، ایک مخصوص میٹرو ریڈ لائن اسٹیشن اور شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے براہِ راست نہری رابطہ شامل ہے۔