مدراس یونیورسٹی شعبۂ اردو کے اشتراک سے بھی اردو ڈے کا انعقاد ہوگا
نئی دہلی، 10 اکتوبر 2023
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) تمل ناڈو اینڈ کرناٹک کے صدر ڈاکٹر عبیداللہ بیگ کی صدارت میں آج دریاگنج، نئی دہلی واقع دفتر میں عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال 9 نومبر کو عالمی یوم اردو کی تقریب مدراس یونیورسٹی کے شعبہ اردو اور انجمن برائے ابنائے قدیم کے اشتراک سے منعقد ہوگی۔ ڈاکٹر عبیداللہ بیگ نے کہا کہ ہم مدراس یونیورسٹی، صدر شعبہ اردو پروفیسر امان اللہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عالمی یوم اردو کی تقریب کے لیے ہم سے اشتراک کا اعلان اور دیگر دوستی اردو تنظیمیں ویلور، وشارم، وانم باڑی وغیرہ کے اساتذہ کرام نے بھی تقریب کو کامیاب بنانے کا عزم کیا۔ وی۔ ایم۔ حبیب الرحمن، بلاک ایجوکیشنل آفیسر اردو، حکومت تمل ناڈو نے بھی ہمارے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر عبیداللہ بیگ نے مزید کہا کہ ریاست تمل ناڈو اور کرناٹک میں اردو کا مستقبل روشن ہے۔
اس موقع پر سینئر صحافی معصوم مرادآبادی نے کہا کہ ڈاکٹر عبیداللہ بیگ پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر 9 نومبر کو اردو ڈے کی تقریب کا اہتمام کر رہے ہیں جو یقینا خوش آئند ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ زمینی سطح پر سائوتھ کی ریاستوں میں بھی اردو کا فروغ ہوگا۔
عالمی یوم اردو کے بانی کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ یونائیٹڈ مسلم آف انڈیا (یو ایم آئی) اور اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) نے 25 سال قبل علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش 9 نومبر کو ’اردو ڈے‘ کے طور پر تقریبات کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اس کے اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں ہر حال میں اردو ٹیچروں کے تقرر کو یقینی بنائیں تاکہ اردو پڑھنے والوں کو مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے نیز سنٹرل اسکولوں میں اردو اساتذہ کا تقرر یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ظفر انور شکرپوری، سیّد اعجاز حسین، جلال خاں خلیل آبادی، ندیم عارف وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ تمام شرکاء کا شکریہ محمد عمران قنوجی نے ادا کیا۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، دہلی