صوبائی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں
ی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمدنے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں توبہ و استغفار کثرت کریں۔تہجد کے نوافل کے بعد فلسطین اور مسجد اقصی کے لئے خشوع و خضوع کے ساتھ دعا کریں۔
انہوں نے غزہ اور مغربی کنارہ پر وحشیانہ بمباری،بچوں، خواتین اور عام شہریوں کی کثیر تعداد میں ہلاکتوں پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری او ر مسلم دنیا سے پرزور اپیل کی کہ فلسطین کے بچوں کی فریاد کو سن کر موثر عملی اقدامات کئے جائیں۔دنیا بھر میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے۔اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں بشمول یونیسیف، ورلڈ فوڈ پروگرام اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی عام شہریوں، پناہ گزین کیمپوں، اسپتالوں اور عبادت گاہوں پر صہیونی حملو ں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس ترقی یافتہ دور میں ایسا ظلم جس میں ہزار وں بچے اور بڑے ہلاک ہوگئے یہ ناقابل برداشت ہے۔جنگ کو ایک ماہ سے زیادہ گزر چکا ہے حملے روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ اسرائیل کو پابند کیا جائے کہ وہ عام شہریوں پر حملے بند کرے۔ہمارا مطالبہ سب ہی سے ہے کہ فوری جنگ بندی پر عمل کیاجائے۔اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔مسلم ممالک بھی عملی اقدام کریں اور اللہ پر بھروسہ کرکے ظلم کے خلاف کھڑے ہوں۔مظلوموں کی حمایت اللہ کا حکم ہے اس پر عمل ہونا چاہئے۔
مفتی مکرم نے ہندستان میں نومبر میں صوبائی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کچھ امیدوار ووٹ کاٹنے کے لئے کھڑے ہوجاتے ہیں یا کھڑے کر دیئے جاتے ہیں ان سے ہوشیار رہنے کی ضررورت ہے۔ہندستان میں سیکولرزم اور جمہوری اقدار کی حفاظت کیلئے سب کو کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔