دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا
نئی دلی۔ 26؍ دسمبر۔ ایم این این۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم عالی جناب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔رہنماؤں نے ستمبر 2023 میں ولی عہد کے ہندوستان کے سرکاری دورے کے بعد دو طرفہ اسٹریٹک پارٹنرشپ میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔رہنماؤں نے مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دہشت گردی، تشدد اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے اسرائیل۔فلسطین مسئلہ پر ہندوستان کے دیرینہ اور اصولی موقف کو دہرایا اور متاثرہ آبادی کے لئے انسانی امداد جاری رکھنے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بحری سلامتی اور جہاز رانی کی آزادی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کو ایکسپو 2030 اور فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2034 کے میزبان منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔