دہلی کے پیتم پورہ علاقے میں جمعرات کو گھر میں آگ لگنے سے چار خواتین سمیت چھ افراد جان بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص جھلس گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ گھر میں موجود لوگوں کو باہر نکلنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ کچھ لوگوں نے چھت پر جا کر جان بچانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں سے بمشکل آگ پر قابو پایا۔ دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ کے مطابق، رات 8.07 بجے زیڈ پی بلاک، پیتم پورہ علاقے سے ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ 4 منزلہ عمارت کی بالائی منزل اور پہلی منزل پر لگی۔ گرگ نے کہا کہ ہم نے سات لوگوں کو گھر سے نکالا اور انہیں اسپتال لے گئے۔ دہلی پولیس کے ڈی سی پی جتیندر مینا نے حادثہ میں 6 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ان میں سے چار خواتین اور دو مرد ہیں۔ پولیس مہلوکین اور جھلس جانے والے لوگوں کی شناخت کرنے میں مصروف ہے۔ پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ عمارت میں رہنے والے تمام لوگ کرایہ دار تھے۔