کمشنر آیوش محترمہ سونالی نے پی ایچ ڈی یونانی کے لیے ہر ممکن یقین دہانی کرائی
بھوپال۔ 5 مارچ 2024 (پریس ریلیز)
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس مدھیہ پردیش کے زیراہتمام یونانی ڈاکٹروں کا ریاستی کنونشن پروفیسر مشتاق احمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ طب یونانی کا مستقبل بھارت میں تابناک ہے۔ وزارت آیوش کے قیام سے طب یونانی بھی آیوروید کی طرح مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آیوش میں موجود افسران منفی سوچ ترک کرکے مثبت فکر کے ساتھ کام کریں اور بھارت میں رائج دیسی طبوں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کریں تو ہم دنیا میں بہتر صحتی نظام کو قائم کرنے والے نمبر ایک بن جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممتاز مجاہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خاں بھارت میں وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے میڈیکل سائنس میں انٹیگریشن کا نہ صرف خواب دیکھا بلکہ آیوروید اینڈ یونانی طبیہ کالج قائم کرکے عملی جامع بھی پہنایا، اس لیے بھوپال میں واقع آیوش کیمپس کو حکیم اجمل خاں آیوش یونیورسٹی بنایا جائے۔
مہمان خصوصی کمشنر آیوش محترمہ سونالی (آئی اے ایس) نے طبیہ کالج کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ طب یونانی کی ترویج و ترقی کا انحصار مسلسل تحقیقی مشن کو آگے بڑھانے میں ہے۔ اس لیے کالج میں پی جی یونانی کے بعد پی ایچ ڈی یونانی کے لیے کام کرنا ہے۔ دنیا میں اونچا مقام پانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے ملک کے مستقبل ہمارے طلبا پی ایچ ڈی تک کی تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے پی ایچ ڈی یونانی شروع کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پروفیسر ذوالکفل اور ڈاکٹر محمد شاہد ملک نے بہت مفید اور کارآمد لیکچر پیش کیا۔ پروفیسر محمودہ خاں نے خطبہ استقبال پیش کیا۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے طبّی کانگریس کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
اہم شرکاء میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس مدھیہ پردیش کے صدر ڈاکٹر سیّد ظفر حسن (ممبر گورننگ باڈی، سی سی آر یو ایم، حکومت ہند) کے علاوہ پروفیسر انظر حسین خاں، ڈاکٹر احسان احمد صدیقی، ڈاکٹر فیضان احمد صدیقی، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ، ڈاکٹر عارف سیفی، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، حکیم آفتاب عالم، اسرار احمد اُجینی، نظیر احمد اور محمد عمران قنوجی وغیرہ شامل ہیں۔ پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر محمد سلیمان خاں (سینئر نائب صدر، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس مدھیہ پردیش) نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
جاری کردہ
ڈاکٹر محمد سلیمان خان
نائب صدر
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس مدھیہ پردیش