ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان نے کہا ہے کہ "میں ان تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انقرہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے پر تعزیت اور ترکیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے”۔
صدر اردوعان نے روس کے زیر انتظام جمہوریہ تاتارستان میں جاری برکس سربراہی اجلاس سے خطاب کیا ہے۔
خطاب میں انہوں نے دارالحکومت انقرہ میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور حملے کے نتیجے میں 5 افراد کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اس بزدلانہ حملے نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ترکیہ کے عزم وارادے کو مزید مضبوط کیا ہے”۔ انہوں نے تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اردوعان نے اپنے خطاب میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ "جب تک خون ریزی رُک نہیں جاتی مستقبل میں نہ انصاف کی بات ہو سکتی ہے، نہ امن کی اور نہ ہی ترقی کی۔ عالمی منصفانہ نظام اور ترقی صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہماری سرحدوں سے باہر بھی امن و امان ہو"۔
انہوں نے بذریعہ اقوامِ متحدہ،اسرائیل کے ہاتھ ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کی مہم شروع کرنے کا ذکر کیا اور برکس ممالک سے اس معاملے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔