19.1 C
Delhi
فروری 15, 2025
Delhi

ملک کا آئین ہم سب کی محنتوں سے بنایا گیا اور ہم سب مل کر ہی اسے بچائیں گے: مولانا حکیم الدین قاسمی

یوم جمہوریہ کی تقریب میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کا خطاب
نئی دہلی، 27 جنوری 2025: مدرسہ دارالعلوم سبحانیہ، آر آر کالونی جیور میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان کی آزادی کے لیے مسلمانوں کی قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر کئی ممتاز علمائے کرام اور معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ پروگرام کا آغاز قاری عبد الواجد کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قاری محمد ارشاد نے نعتِ شریف پیش کی۔ نظامت کے فرائض مفتی محمد حسن نے نہایت عمدگی سے انجام دیے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں ہندوستان کی تاریخ اور آزادی کے لیے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جنگ میں مسلمانوں کی قربانیاں تاریخ کا انمٹ حصہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ تقسیمِ وطن کے وقت مسلمانوں نے اس ملک کو اپنا وطن تسلیم کیا اور یہاں رہنے کا فیصلہ کیا، اور آج بھی وہ ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
مولانا قاسمی نے دارالعلوم دیوبند اور اکابرین کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اور ہمارے بزرگ ہمیشہ انسانیت اور دین کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی نے جیور میں مدرسہ اسلامیہ عربیہ حفظ الاسلام کے ایک اور پروگرام میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کی تاریخی حیثیت اور مسلمانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اکابرین کی قربانیوں کی برکت سے ہم آج آزادی کی نعمت سے مستفید ہو رہے ہیں، اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
مولانا ضیاء اللہ قاسمی، سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، اور مولانا عظیم اللہ قاسمی نے بھی ہندوستان کی آزادی اور مسلمانوں کے کردار پر تفصیلی خطاب کیا۔ مدرسہ اسلامیہ عربیہ حفظ الاسلام کے ذمہ داران نے مولانا غیور احمد قاسمی اور مولانا ضیاء اللہ قاسمی کو ایوارڈ سے نوازا۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی کے ہاتھوں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند اس مدرسہ میں اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے آئین بنانے میں علمائے دین کا بڑا کردار رہا ہے اور یہ علماء ہی اس ملک کے آئین کی حفاظت کررے ہیں ۔ مدرسہ کے ناظم مولانا ندیم قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کے وفد کا استقبال کیا۔
اس تقریب میں علاقہ کے ممتاز علمائے کرام، جن میں مولانا اسرافیل، مولانا اشفاق، مولانا ریاض الدین، ناظم بھائی، صابر بھائی، اور الیاس بھائی شامل ہیں، موجود رہے۔ علاوہ ازیں مہندی پور، جیور، اور دیگر علاقوں کے ائمہ کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔
پروگرام کے اختتام پر مولانا اشفاق صاحب نے دعا فرمائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلمان اپنے اکابرین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک و ملت کی ترقی کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔

Related posts

وزیر اعظم مودی آج اور کل گجرات میں

www.journeynews.in

تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم چار روزہ ہندوستان کا دورہ پر

www.journeynews.in

دستور اور جمہوریت کو بچانے میں مسلمانوں کا کلیدی کردار آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت (رجسٹرڈ)

www.journeynews.in