27.2 C
Delhi
اگست 18, 2025
Delhi

نعمت آزادی کی قدر کریں/ مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ ، نئی دہلی میں تقریب یوم آزادی کا انعقاد
دہلی:16/اگست 2025

جشن یوم آزدی تمام دیش واسیوں کو ،خواہ وہ دنیا کے جس کونے میں بھی ہوں، مبارک ہو۔ یہ آزادی ہم کو بڑی قربانیوں کے بعد نصیب ہوئی ہے۔ ہم سب اس کی قدر کریں اور جس طرح ہمارے بزرگوں نے "ہندو، مسلم، سکھ ،عیسائی، آپس میں سب بھائی بھائی” کا نعرہ لگایا تھا اور پوری یکجہتی کے ساتھ آزاد ی حاصل کی تھی ,اسی طرح ہم سب پورے قومی وملی جذبے اور بھاﺅ سے سرشار ہوکر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے آگے بڑھیں اور خدمت ملک و ملت اور انسانیت کا جہاں تازہ آباد کریں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے کیا۔ موصوف کل15/اگست 20250ءکومرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی ادارہ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات اسلامیہ، واقع اہل حدیث کمپلیکس ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، نئی دہلی میں منعقد تقریب یوم آزادی میں پرچم کشائی کے بعد ان لائن خطاب کررہے تھے۔
امیر محترم نے خطاب کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ ہر آدمی ملک کے تئیں مخلص ہو، ایماندار ہو ، محنتی ہو، آپسی بھائی چارہ کی فضا کو بحال رکھے۔ تعمیر وطن کے لیے رات دن ایک کردے،امن وشانتی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرے۔وطن سے محبت فطری جذبہ اور ایمان کا تقاضہ ہے۔
امیر محترم نے زور دے کر کہا کہ اس پرمسرت موقع پر یہ حقیقت بھی ہمارے پیش نظر رہنی چاہئے کہ آزادی کے کیسے چھنتی ہے اور غلامی کیسے آتی ہے؟ کہیں ایسا نہ ہوکہ آزادی کے جشن و طرب میں ہم سب اس حقیقت کو فراموش کردیں کہ ہمارے آباءواجداد اور اسلاف نے صبح آزادی کے لیے کیسی کیسی قربانیاں دیں؟ کس طرح انہوں نے اپنا گھر بار کھویا، نونہالوں کو گنوایا اور پس دیوار زنداں بھیجے گئے ۔اس موقع پر تحریک شہیدین اور اس کے اعلی مرتبت قائدین مولانا شاہ محمد اسماعیل شہید اور سید احمد شہید، صادقان صادق پور، مولانا ولایت علی، مولانا عنایت علی وغیرہم کے نمایاں کارناموں کو ضرور یاد کرنا چاہئے۔ جن کے بارے میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے کہا تھا کہ اگر جدو جہد آزادی کے حوالے سے اہل صادق پور (اہل حدیث) کی خدمات اور قربانیوں کو ترازو کے ایک پلڑے میں رکھیں اور دوسرے پلڑے میں تمام دیس واسیوں کی قربانیوں کو رکھیں تو اہل صادقپور کی قربانیوں کا پلڑا بھاری ہوگا۔ نواب صدیق حسن خان بھوپالی، اسیر زندان راولپنڈی سردار اہل حدیث سید نذیر حسین محدث دہلوی، 1857ءکی جد و جہد آزادی میں جنرل بخت خان اور ان کے ہمنوا مجاہدین ، بعد کے ادوار میں مولانا ابوالکلام آزاد، مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، اشفاق اللہ خان وغیرہ سمیت بہت سے دیش واسیوں نے آزادی وطن کے لیے ان گنت قربانیاں پیش کیں ،پھانسی کے پھندے کو گلے سے لگایا،پابجولاں عبور دریائے شور کیے گئے اور مختلف قسم کی سزائیں اور اذیتیں برداشت کیں تب جا کر یہ آزادی ہمیں نصیب ہوئی۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے میڈیا کوآرڈینٹر ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی نے کہا کہ یوم آزادی در اصل ملک وملت کی خدمت اور اس کے لیے قربانی کے تئیں تجدید عہد و فا کا دن ہے۔استعمار کے خلاف آزادی کا بگل محض ایمانی اور قومی جذبے سے سرشار ہوکر سب سے پہلے مسلمانوں خصوصا اہل حدیثوں نے بجایا تھا، لہذا وہی سب سے زیادہ استعمار کے عتاب کے شکار ہوئے۔ قوم کو ان کا ممنون ہونا چاہیے۔
المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ کے استاذ مولانا عبدالغنی مدنی نے کہا کہ جد و جہد آزادی میں مسلمانوں نے جو گراں قدر خدمات پیش کیں ہیں، افسوس کہ ان کا ذکر نہیں کیا جاتا ہے۔ ہمارے طلبہ، اساتذہ اور عوام و خواص کو اپنے آباءکی قربانیوں کو نہ صرف یاد رکھنا چاہیے بلکہ ان روشن یادوں کو نئی نسل تک منتقل کرتے رہنا چاہیے۔
ابھرتے ہوئے اور نوجوان سرجن ڈاکٹر اسعد اصغر نے کہاکہ یوم آزادی صرف خوشیاں منانے کا دن نہیں ہے بلکہ اس موقع پر اپنے آبا ءواجداد کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ کے استاذ ڈاکٹر عبدالواسع تیمی ،سماجی رہنما ڈاکٹر سید عبد الرو ¿ف اور میڈیکل خدمت گار مولانا ربیع اللہ سلفی نے بھی خطاب کیا اور تقریب یوم آزادی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ اس تقریب میں پرچشم کشائی کے بعد دیش گان جن گن من اور قومی ترانہ سارے جہاں سے اچھا گایا گیا اور شرکاءکے مابین شیرینی تقسیم کی گئی۔ اس تقریب میں المعہد العالی کے اساتذہ و طلبہ اور ملازمین کے علاوہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے کارکنان ووابستگان اور قرب وجوار کی اہم شخصیات ایاز تقی ،شمس الدین وغیرہ موجود تھیں۔

Related posts

وزیراعظم مودی نے دہلی میں ‘ جمیکا مارگ’ کا اعلان کیا

www.journeynews.in

مسافروں کے سفر کو مزید سہل بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں۔ وی کے سنگھ

www.journeynews.in

ملک کی عظمت ہر شہری کو انصاف ملنے میں ہے: مولانا محمود مدنی

www.journeynews.in