20.1 C
Delhi
اکتوبر 14, 2025
Delhi

شان رسالتﷺ کی مدحت میں نعروں اور پوسٹر س پر کارروائی سخت نا انصافی

صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ حب رسول میں مسلمان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ، تا ہم یہ بھی کہا کہ ذات اقدس کے احترام و تقدس کا خیال رکھتے ہوئے اسے کسی ردِعمل یا مظاہروں کا عنوان نہ بنایا جائے

نئی دہلی ۳۰؍ ستمبر۲۰۲۵ء: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے’ آئی لو محمد ‘جیسے نعروں اورپوسٹرس پر اترپردیش پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کو سخت ناانصافی اور تشویش انگیز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہم مسلمان جناب رسول اللہ ﷺ سے محبت، اطاعت اور اتباع کے ذریعے ہی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ اگر اللہ کی محبت نصیب ہوتی ہے تو وہ صرف جناب رسول اللہ ﷺ کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔  حب رسول کے بغیر ہمارا سب کچھ نامکمل ہے،یہی سبب ہے کہ مسلمان اس سلسلے میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
تاہم مولانا مدنی نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی کہ ایک مومن کی حقیقی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ رسولِ اکرم ﷺ کو اپنا آئیڈیل اور رہنما بنائے، نہ آپ ﷺ کی ذات کو کسی جارحانہ ردِعمل یا مظاہروں کا عنوان بنایا جائے۔ یہ آپ ﷺ کے احترام و تقدس کا بھی تقاضا ہے۔ اللہ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت و رافت بنایا ہے ، آپ کا پیغام عالمگیر اور سبھوں کے لیے یکساں مقدس ہے۔
مولانا مدنی نے حکومتِ اتر پردیش سے پرزور مطالبہ کیا کہ عوامی جذبات اور مذہبی قیادت کے احترام کو ملحوظ رکھا جائے اور محض نعروں یا پوسٹرز کی بنیاد پر لوگوں کو گرفتار کر کے نذرِ زندان کرنے جیسے غیر منصفانہ سلوک سے باز رہے۔ساتھ ہی مولانا مدنی نے مسلم نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر، حکمت اور قانونی و جمہوری طریقوں کے ذریعے اپنے موقف کا اظہار کریں اور دشمنان اسلام کی سازشوں اور عیاریوں سے ہوشیار رہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related posts

ہندوستان اور بھوٹان نے شاہی دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کیا

www.journeynews.in

ہیرا گروپ سرمایہ کاروں کا ملک کے اعلیٰ عہدیداروں کو خط انفارسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی غیر قانونی نیلامی کیخلاف احتجاج

www.journeynews.in

گیان واپی مسجد کے بارے میں گمراہ کن مہم تشویشناک: جماعت اسلامی ہند

www.journeynews.in