جنوری 24, 2026
تقریباتخبریںقومی

حق سے دست بردار ہوا جا سکتا ہے، لیکن فرض کو ترک نہیں کیا جا سکتا:مولانا سید اشرف علی غروی

الہ آباد ۔ حصول علم دینِ اسلام میں فرض ہے۔ جب کہ دیگر مذاھب میں علم حاصل کرنا اپنا حق بتایا گیا ہے۔ حق سے دست بردار ہوا جا سکتا ہے، لیکن فرض کو ترک نہیں کیا جا سکتا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا سید اشرف علی غروی وکیل حضرت آیت اللہ سیستانی نے کیا۔ موصوف یہاں جشنِ بعثت سے خطاب کر رہے تھے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ آج سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ دشمنانِ اسلام خصوصاً امریکہ و اسرائیل عالم اسلام کو جدید ترین اسلحوں سے پامال کر رہے ہیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران واحد ملک ہے جو اُن کے سامنے کوہِ گراں بن کے کھڑا ہے ۔ ایرانی سائنس دانوں نے ہر میدان میں تعجب خیز پیش رفت حاصل کی ہے۔ جب کوئی قوم کلمہ توحید پر استقامت سے کھڑی رہتی ہے تو نصرتِ الٰہی کا نزول ہوتا ہے اور باطل خائف رہتا ہے۔ ہماری نسل نو کو تعلیمی میدان میں دیگر اقوام پر سبقت لے جانے کی ضرورت ہے ۔ معروف خطیب اہلِ بیت مولانا سید کاظم عابدی نے کہا کہ زمانہء فترت میں پوری دنیا گمراہی میں مبتلا تھی۔ کہیں آتش پرستی تھی، کہیں بت پرستی اور کہیں تثلیث کا عقیدہ رائج تھا۔ سر زمینِ عرب پر کفر و ضلالت کی تاریکی چھائی تھی۔ اللّٰہ نے ہمارے نبی ص کو رحمتِ عالم بنا کر مبعوث فرمایا۔ 23 سال کی مختصر مُدّت میں رسولِ اکرم نے زمزمہ توحید ایسا بلند کیا کہ چار دانگ عالم صراط مستقیم پر گامزن ہو گیا۔ مولانا نے مزید کہا کہ واقعہ معراج رسولِ اکرم کا مہتم بالشان معجزہ ہے جس پر عقیدہ رکھنا واجب ہے۔ بعثت رسول نوع انسانی کی فلاح کا مژدہ ہے۔

شبِ اسریٰ میں تجلّی سے رخ انور کی،
پڑ گئی گردن رفرف میں سنہرے ہیکل۔

اس کے علاوہ مولانا محمّد علی گوہر اور ڈاکٹر رضوان حیدر وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ شعراء کرام نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مدرسہ قرآن و عترت کے طلبا نے منشیات کے نقصانات اور طالبات نے حجاب کے فوائد پر مختصر ڈرامے پیش کیئے۔ جلسے میں معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مولانا معجز عبّاس نقوی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

Related posts

جیو بھارت موبائل کے  لانچ کا اثر ۔ نہیں بڑھیں  گی سال بھر ٹیرف  قیمتیں

www.journeynews.in

جامعۃ المؤمنات الاسلامیہ پھلواری شریف میں بچیوں کے درمیان انعامی دعائیہ مقابلہ

www.journeynews.in

تعلیم ہی قوموں کی تقدیر سنوارنے اور دیش کی ترقی کی بنیاد ہے: مولانا محمد اظہر مدنی

www.journeynews.in