نئی دہلی۔ 6 جون 2023
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ پدم شری حکیم سیّد خلیفۃ اللہ (آمد: 4 اپریل 1938۔ رخصت: 6 جون 2023) کے انتقال پر واقع دفتر تنظیم ہذا دریاگنج، نئی دہلی میں ایک تعزیتی نشست کا اہتمام ہوا۔ اس موقع پر آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے طبّی دنیا میں سوگ کی لہر ہے، کیونکہ انہوں نے زندگی بھر طب یونانی کی خدمت زمینی سطح پر اور شفافیت کے ساتھ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سنٹرل کونسل آف انڈین میڈیسن (سی سی آئی ایم)، حکومت ہند کے چیئرمین، سنٹرل کونسل فار رِیسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) کے ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین اور یونانی فارما کوپیا کمیٹی (یو پی سی) کے چیئرمین اور مرکزی حکومت کے مختلف کمیٹیوں کے ممبر رہ چکے تھے، نیز نعمت سائنس اکیڈمی مدراس کے بانی بھی تھے اور اس کے ذریعہ طب یونانی اور سائنس کے حوالے سے بڑے پیمانے پر کام کیا۔ ان کی مذکورہ خدمات کے علاوہ ملت کے تئیں بھی بڑی خدمات رہی ہیں۔ اظہار تعزیت کرنے والوں میں پروفیسر مشتاق احمد، ڈاکٹر ایس ایم حسین، ڈاکٹر فضل اللہ قادری، ڈاکٹر ایس ایم یعقوب، ڈاکٹر یاسر قریشی، ڈاکٹر لایق علی خاں، حکیم اعجاز احمد اعجازی دربھنگوی، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، حکیم آفتاب عالم، حکیم عطاء الرحمن اجملی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس، نئی دہلی