نئی دلی۔ 6؍ نومبر ۔ ایم این این۔ خوراک اور عوامی تقسیم، ٹیکسٹائل اور تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے ‘ بھارت’ برانڈ کے تحت گندم کے آٹے (آٹا) کی فروخت کے لیے 100 موبائل وین کو آج کرتویہ پتھ، نئی دہلی سے ہری جھنڈی دکھائی۔ آٹا ایک ایم آر پی پر دستیاب ہوگا جس کی قیمت 27.50 فی کلو گرام سے زیادہ نہیں ہوگی۔ عام صارفین کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت ہند کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے سلسلے میں یہ تازہ ترین قدم ہے۔ ’بھارت‘ برانڈ آٹا کی خوردہ فروخت کے آغاز سے مارکیٹ میں سستی قیمتوں پر سپلائی بڑھے گی، اور اس اہم غذائی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اعتدال لانے میں مدد ملے گی۔’بھارت‘ آٹاآج سے کیندریہ بھنڈار، نیفیڈ اور این سی سی ایفکے تمام فزیکل اور موبائل آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہو گا اور اسے دوسرے کو-آپ/ریٹیل آؤٹ لیٹس تک پھیلا دیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ مرکز کی مداخلت سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر اور پیاز کے حوالے سے ماضی میں مختلف اقدامات کیے گئے تاکہ قیمتوں کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ مرکز بھارت دال 60روپے فی کلو گرام میں بھی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام کوششوں سے کسانوں کو بھی کافی فائدہ ہوا ہے۔ جناب گوئل نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار مرکز کی طرف سے خریدی جا رہی ہے اور اس کے بعد صارفین کو رعایتی شرح پر فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مرکز کی مداخلت سے مختلف اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پاس صارفین کے ساتھ ساتھ کسانوں کی مدد کرنے کا وژن ہے۔