کلاسیکل میڈیسن ترجیحاً استعمال کی جائیں اور یونانی دوائوں کی پیکنگ میں اردو لازماً تحریر کی جائے: ڈاکٹر سیّد احمد خاں
نئی دہلی۔ 14 جنوری 2026
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس فارمیسی ونگ، نئی دہلی کی میٹنگ زیرصدارت حکیم ارباب الدین (صدر دواخانہ)، دریاگنج، نئی دہلی میں حکیم عزیر بقائی کے مطب میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ مطب میں زیادہ سے زیادہ کلاسیکل میڈیسن کا استعمال کیا جائے اور یونانی دواساز ادارے لازماً دوائوں کی پیکنگ پر اردو تحریر کریں کیونکہ اردو اور طب یونانی دونوں آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ اردو طب یونانی کی پہچان ہے اور بھارت کی شان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو بھارت میں پیدا ہوئی اور یہیں پروان چڑھی، اردو کے تئیں حساس رہنے کی ضرورت ہے اور طب یونانی بھارت میں سب سے بہتر صورت حال میں ہے نیز آج کی تاریخ میں بھارت ہی اس کا لیڈر ہے۔
اس موقع پر لکھنؤ میں منعقد ہونے والی 12 فروری کو عالمی یونانی میڈیسن ڈے تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے اہم شرکاء میں ڈاکٹر ذکی الدین، ڈاکٹر شکیل احمد میرٹھی، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر مفتی جاوید انور، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ، ڈاکٹر فہیم ملک، حکیم نعیم رضا، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، اسرار احمد اُجینی اور محمد عمران قنوجی وغیرہ شامل تھے۔ تمام شرکاء کا شکریہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس فارمیسی ونگ کے قومی جنرل سکریٹری حکیم عزیر بقائی نے ادا کیا۔
