آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (دہلی) کے جلسہ عام میں شرکاء کا اظہار خیال
نئی دہلی۔ 16 اگست 2025
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس (دہلی) کی جانب سے 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا اہتمام بیری والا باغ، نئی دہلی میں کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ جشن آزادی کا مطلب ملک کے ہر شخص کی خوش حالی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف پر مبنی حکمرانی اور عمدہ صحت ہر شخص کی خوش حالی کی ضمانت ہے۔ بہت بڑے اسپتال کے قیام سے لوگوں کو تسلی ضرور ملتی ہے مگر تسلی بخش علاج نہیں۔ صحت بخش غذا کا نعرہ یقینا خوش آئند ہے مگر ملاوٹ سے پاک غذا کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ یونانی ڈاکٹروں کی خدمات بلاک سطح تک حاصل کی جائیں تاکہ عوام کو صدیوں آزمائے ہوئے یونانی طریقہ علاج کا فائدہ ملے۔
دہلی میں طب یونانی کی صورت حال پر آل انڈیا یونانی طبی کانگریس دہلی اسٹیٹ کے صوبائی صدر ڈاکٹر شکیل احمد نے روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ گزشتہ دہائیوں میں طب یونانی کے ساتھ ہوئے سوتیلے سلوک مزید نہیں ہوں گے۔ جبکہ سینئر نائب صدر دہلی اسٹیٹ ڈاکٹر مرزا آصف بیگ نے کہا کہ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی سرگرمیاں لائق ستائش ہیں، ان میں مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا تسلسل کے ساتھ اور بہت ہی منظم انداز میں انعقاد بڑا کارنامہ ہے۔ ڈاکٹر ذکی الدین (سابق ڈپٹی ڈائرکٹر یونانی، سی سی آریو ایم) نے کہا کہ ڈسپلن کے ساتھ تحریکی کام اثر انداز ہوتا ہے۔ اس کے لیے آل انڈیا یونانی طبی کانگریس سے وابستہ افراد اور ذمہ داران قابل مبارکباد ہیں۔ معروف سماجی کارکن عبدالباسط قاضی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے جشن آزادی اور ہماری ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ ایڈووکیٹ شان جبیں قاضی نے دور حاضر میں طب یونانی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کے درمیان جانا چاہیے اور ان کی خدمت کرنی چاہیے۔ خاص طور سے مفت یونانی میڈیکل کیمپ کے ذریعہ عوام اور خواص میں صحت کے تئیں بیداری پیدا کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عزیر بقائی نے عوام کو معیاری دوائیں فراہم کرنا انتہائی اہم بتایا اور کہا کہ عوام کے بھروسہ کے لیے ’جی ایم پی‘ کے اصول کے مطابق دواسازی کا عمل معیاری ہونا چاہیے۔ اس موقع پر طب یونانی کے فروغ کے لیے بہت سی کارآمد تجاویزیں منظور کی گئیں۔ دیگر اظہار خیال کرنے والوں میں ڈاکٹر مفتی جاوید انور دہلوی، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر فہیم ملک کے علاوہ اہم شرکاء میں ڈاکٹر احسان احمد صدیقی، ڈاکٹر فیضان احمد صدیقی، ڈاکٹر شہناز پروین، ڈاکٹر خورشید عالم، ڈاکٹر عبدالمجید، ڈاکٹر اطہر محمود، ڈاکٹر شکیل ہاپوڑی، حکیم آفتاب عالم، اسرار احمد اُجینی، ندیم عارف اور محمد عمران قنوجی وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز حکیم مولانا محمد مرتضیٰ دہلوی کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔
جاری کردہ
(محمد عمران قنوجی)
پریس سکریٹری، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس، نئی دہلی