نئی دلی۔ 29؍ اکتوبر۔ ایم این این۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ 31 اکتوبر سے 3 نومبر تک پرتگال اور اٹلی کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے کے لیے بالکل تیار ہیں۔ پرتگال کے دورے کے دوران، وزیر خارجہ اپنے ہم منصب، وزیر خارجہ جاؤ گومز کراوینہوکے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی پوری رینج اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر بات چیت کریں گے۔جے شنکر دو دن یعنی 31 اکتوبر سے یکم نومبر تک پرتگال میں رہیں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستان اور پرتگال کے درمیان تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے اور باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات ہیں، جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ان کی پرتگالی قیادت، پرتگال۔انڈیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اراکین اور پرتگال میں ہند۔پرتگالی اور ہندوستانی برادریوں سے ملاقات متوقع ہے۔پرتگال کے اپنے دورے کے بعد، وزیر خارجہ 2 سے 3 نومبر تک دو طرفہ دورے پر اٹلی جائیں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے ہم منصب، وزیر خارجہ انتونیو تاجانی، وزیر دفاع اور وزیر برائے ‘ میڈ ان اٹلی’ سے ملاقات کریں گے۔ ان کی ملک کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ وزار ت خارجہ امور کی ریلیز کے مطابق، وہ سینیٹ کے خارجہ امور اور دفاعی کمیشن، اور یورپی یونین کے امور کے کمیشن اور ہندوستان-اٹلی پارلیمانی دوستی گروپ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، اور ہندوستانی برادری کے اراکین کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے۔ ہندوستان اور اٹلی کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات اور کثیر جہتی دو طرفہ تعاون ہے۔ اس سال مارچ میں اٹلی کے وزیر اعظم کے سرکاری دورے کے دوران تعلقات کو ‘اسٹریٹجک پارٹنرشپ’ تک بڑھا دیا گیا تھا۔
previous post